ایئرلنک کا لاہور میں الیکٹرک بائیکس اسمبلی پلانٹ قائم کرنے کا اعلان

جمعرات 23 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے اپنے برانڈ ایئر وی کے تحت لاہور میں الیکٹرک بائیکس کا جدید اسمبلی پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز کی طلب میں نمایاں اضافہ

کمپنی نے اس پیشرفت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے نوٹس میں بتایا کہ منصوبے کے تحت لاہور کے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں واقع کمپنی کے مینوفیکچرنگ یونٹ میں جدید الیکٹرک بائیکس اسمبلی پلانٹ قائم کیا جائے گا۔

ایئرلنک کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کی طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنی مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نقل و حمل (موبیلیٹی) کے شعبے تک وسعت دینا اور پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھانا ہے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کو منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تمام ضروری ریگولیٹری تجارتی اور آپریشنل اقدامات مکمل کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

مزید پڑھیے: پیٹرول بچاؤ، الیکٹرک بائیکس چلاؤ: حکومت بلوچستان کی الیکٹرک بائیکس اسکیم سے بائیکس کیسے حاصل کی جا سکتی ہیں؟

ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ جنوری 2014 میں پاکستان میں ایک نجی لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی، جبکہ اپریل 2019 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی کا درجہ دیا گیا۔

کمپنی اس وقت اسمارٹ فونز، موبائل فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپ لوازمات اور دیگر مواصلاتی و آئی ٹی مصنوعات کی درآمد، برآمد، تقسیم، ہول سیل اور ریٹیل کاروبار سے وابستہ ہے۔

مزید پڑھیں: قائمقام صدر مملکت کا پاکستانی برانڈ کی مقامی گاڑی اورسستی الیکٹرک بائیکس متعارف کرانے پر زور

یاد رہے کہ گزشتہ سال ایئرلنک نے زیکسو ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نام سے اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کرنے کی منظوری بھی دی تھی جس کے لیے 20 کروڑ روپے تک سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp