پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا گیا، جہاں انڈیکس ابتدائی منٹوں میں تقریباً 400 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔
صبح 9 بج کر 35 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 363.35 پوائنٹس یعنی 0.22 فیصد اضافے کے بعد 164,830.55 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا باعث، کیا معیشت مستحکم ہورہی ہے؟
مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں اور پاور جنریشن کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
انڈیکس پر بھاری اثر رکھنے والے شیئرزمیں حبکو پاور، ماری پیٹرولیم، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور میزان بینک مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔
PSX Leverage Summary
28th October 2026#ExceptionalValuesProductsServices #JSGlobal pic.twitter.com/esylufGGiJ— JS GlobalOnline (@JSGlobalOnline) October 28, 2026
ایک اہم پیشرفت میں پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں کرنسی لین دین کی رپورٹنگ کے لیے نظرثانی شدہ حدوں کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پاکستان میری ٹائم زونز ایکٹ 2023 کی ایک شق کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی قانون کے ریگولیٹری فریم ورک کا حصہ بنایا جائے گا۔
گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی
منگل کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بحالی کا رجحان برقرار رہا، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پر خریداری کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
حالانکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں حال ہی میں 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,428.73 پوائنٹس یا 0.88 فیصد اضافے کے بعد 164,467.20 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دوسری جانب بدھ کے روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھی گئی، مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے متعلق سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور امریکا میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مالی نتائج کے اعلان سے قبل مارکیٹوں میں مثبت رجحان رہا، جبکہ امریکی فیڈرل ریزرو کے پالیسی فیصلے سے پہلے ڈالر بھی مضبوط دکھائی دیا۔
جنوبی کوریا کی چِپ ساز کمپنی ایس کے ہائنکس نے سہ ماہی آپریٹنگ منافع میں سات گنا سے زیادہ اضافے کی اطلاع دی، جس سے مارکیٹ کے مثبت رجحان کو مزید تقویت ملی۔
مزید پڑھیں: لائیو اسٹاک کی ترقی سے برآمدات اور روزگار بڑھانے کا منصوبہ، وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کردیں
مصنوعی ذہانت سے متعلق سرمایہ کاری میں تیزی کا اگلا امتحان اس وقت ہوگا جب ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں الفابیٹ اور مائیکروسافٹ امریکی مارکیٹ بند ہونے کے بعد اپنے مالی نتائج جاری کریں گی۔ سرمایہ کار یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آیا مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری سے خاطر خواہ منافع حاصل ہو رہا ہے یا نہیں۔
امریکی کمپنیوں کے نتائج سے قبل ایشیا پیسیفک کے حصص کا وسیع تر انڈیکس، جس میں جاپان شامل نہیں، ابتدائی کاروبار میں 0.85 فیصد بڑھ گیا۔ جاپان کا نِکّی انڈیکس 1.2 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 3 فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔
ایس کے ہائنکس کے حصص کاروبار کے آغاز کے فوراً بعد 3 فیصد بڑھ گئے، تاہم بعد ازاں ان کا اضافہ کم ہو کر 1.75 فیصد رہ گیا۔











