پشاور اسکول حادثہ: انکوائری کمیٹی نے اسکول مالک کو ذمہ دار قرار دے دیا

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور کے دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔

پشاور کے علاقے دیر کالونی کے سعید آباد میں نجی اسکول الخیر ایجوکیشن سسٹم کی عمارت کی چھتیں 15 اکتوبر 2026 کو صبح 9 بج کر 5 منٹ پر منہدم ہوئی تھیں۔ حادثے میں 33 بچوں سمیت ایک استانی جاں بحق جبکہ 51 زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور اسکول سانحہ: ایف آئی آر میں 5 مزید ملزمان نامزد، پولیس کو دیگر پارٹنرز کی تلاش

اجلاس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے۔

انکوائری کمیٹی نے گورنر کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، مختلف سرکاری محکموں کی ذمہ داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا، جس پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں متعلقہ سرکاری محکموں کی جانب سے غفلت اور اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے معاملے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ دیر کالونی اسکول : خیبرپختونخوا میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت کے لیے نئے قواعد بنانے کا حکم

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا محکمہ قانون سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ داری کے تعین کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیر کالونی اسکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات اور انکوائری میں سامنے آنے والی خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp