دیر کالونی اسکول میں چھت گرنے کے المناک سانحے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے نجی اسکولوں میں طلبا کی جانوں کے تحفظ اور عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جامع قواعد و ضوابط تیار کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دیر کالونی اسکول سانحہ: 7 روز میں انکوائری رپورٹ طلب، این او سی اور نقشے کی منظوری دینے والوں کا تعین ہوگا، عامر عبداللہ
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے 16 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ سرکاری مراسلے میں خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ تکنیکی حکام کی مشاورت سے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک کا مسودہ تیار کیا جائے۔
مجوزہ قواعد میں اسکولوں کی عمارتوں کی ساختی مضبوطی، متعلقہ بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد اور عمارتوں کے باقاعدہ حفاظتی معائنے کو یقینی بنانے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں کلاس رومز میں طلبا کی گنجائش، بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور حد سے زیادہ رش کی روک تھام کے لیے بھی واضح معیار مقرر کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیے: دیر کالونی اسکول سانحہ: غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی، ثمر ہارون بلور
نئے فریم ورک کے تحت اسکولوں میں ہنگامی راستوں کی دستیابی، طلبا کے بحفاظت انخلا کے طریقہ کار، عمارتوں کی فٹنس کی سرٹیفیکیشن اور حفاظتی خامیوں کی بروقت نشاندہی و اصلاح کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا۔ مقررہ حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار کو بھی قواعد کا حصہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ مجوزہ قواعد و ضوابط اور سفارشات مراسلے کے اجرا کے 7 روز کے اندر جانچ پڑتال اور مزید کارروائی کے لیے سیکریٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو پیش کی جائیں۔ مراسلے میں اس معاملے کو انتہائی فوری نوعیت کا قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: دیر کالونی اسکول سانحہ، شہدا کے لواحقین کو 10، زخمیوں کو 3 لاکھ روپے امداد ملے گی، فیصل کریم کنڈی
دیر کالونی اسکول میں پیش آنے والے المناک حادثے کے تناظر میں یہ اقدام نجی تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت، عمارتوں کی فٹنس اور حفاظتی انتظامات کی نگرانی کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم مجوزہ قواعد کی تیاری کے بعد ان پر مؤثر عمل درآمد اور اسکولوں کے باقاعدہ معائنے ہی اس اقدام کے عملی نتائج کا تعین کریں گے۔













