لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائے، وزیرِ اعظم

جمعرات 29 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے توسیعی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دیتے ہوئے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے، سفری سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور توسیعی منصوبوں سمیت مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کی جانچ کے لیے اصلاحات کی آزادانہ تھرڈ پارٹی توثیق یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کی ہدایت، مسافروں سے غیر ضروری پوچھ گچھ نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بڑے ہوائی اڈوں پر سہولیات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے حال ہی میں ایک بین الاقوامی فرم کے ذریعے مکمل کیے گئے سروے کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کے توسیعی منصوبوں، ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مختلف ہوائی اڈوں کی بہتری اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے، جبکہ لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کے ماسٹر پلانز کے تحت توسیع اور تعمیراتی کاموں کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

 

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ دونوں ہوائی اڈوں کے توسیعی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام بین الاقوامی معیار کے مطابق انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں اور منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کی رہنمائی اور سہولت پر مامور افسران اور عملے کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ تربیت دی جائے۔ انہوں نے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور مسافروں کو دورانِ سفر درپیش مشکلات دور کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی نجکاری، مالیاتی مشیر کی تقرری کی منظوری

وزیرِ اعظم نے ہوائی اڈوں پر کھانے پینے کی اشیا کے معیار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مسافروں کے لیے بہترین کھانے فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے 14 ہوائی اڈوں کو فعال کیا ہے۔ اسی طرح وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسافروں کی سہولت کے پیشِ نظر عملے اور کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے تاکہ امیگریشن سمیت دیگر مراحل کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بڑے ہوائی اڈوں پر سرحدی انتظام کے خودکار نظام ای گیٹس کی تنصیب پر تیزی سے کام جاری ہے، جس سے مسافروں کی آمد و رفت کے مراحل کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ کراچی کو فضائی سامان کی ترسیل کا مرکز بنانے کے لیے ایئر کارگو ولیج کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے میٹ اینڈ گریٹ سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ ایف آئی اے نے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی بروقت رہنمائی کے لیے پری ڈیپارچر ڈیسک بھی قائم کیے ہیں۔

حکام کے مطابق حیدرآباد میں ہوا بازی کے موجودہ ادارے کو مزید بہتر بنا کر بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس پر فروری 2028 تک کام شروع کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ جلد مکمل کرنے کا ہدف، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس سے کتنی سرمایہ کاری متوقع؟

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ اور عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد علی، ارکانِ قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور اور علی زاہد، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp