پی ایس ایل 12 : تمام 8 فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں کی فہرست برقرار رکھنے کی آخری تاریخ مقرر

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے 12ویں ایڈیشن کے لیے تمام 8 فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی فہرست برقرار رکھنے اور جمع کرانے کے لیے 13 جنوری 2027 کی آخری تاریخ دے دی ہے، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری کو ہوگی۔

پی ایس ایل کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری بیان کے مطابق تمام 8 فرنچائزز کو مقررہ تاریخ تک اپنے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 12: کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان، میچز 6 شہروں میں کرانے کا فیصلہ

اس حوالے سے فیصلہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ٹورنامنٹ آپریشنز ورکشاپ کے دوران کیا گیا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کی، جہاں اسکواڈ کی تشکیل، کھلاڑیوں کی منتقلی اور پی ایس ایل 12 کی نیلامی کے طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا۔

متفقہ فیصلے کے تحت ہر فرنچائز کو براہ راست منتخب کیے گئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم زیادہ سے زیادہ کھلاڑی برقرار رکھنے والی فرنچائز کو گزشتہ نیلامی کے سب سے مہنگے درجے میں شامل ایک کھلاڑی کو جنرل پلیئر پول میں واپس بھیجنا ہوگا، تاکہ دیگر فرنچائزز کو بھی بڑے کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع مل سکے۔

کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری مقرر کرنے کا مقصد نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے فرنچائزز کو مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔ یہ تاریخ نیشنل ٹی 20 سلور مقابلے کے اختتام کے بعد اور نیشنل ٹی 20 گولڈ ٹورنامنٹ کے دوران رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، پی سی بی

ورکشاپ میں پی ایس ایل 12 کے نیلامی قوانین کا بھی شق وار جائزہ لیا گیا، جنہیں تمام 8 فرنچائزز نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ لیگ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہوگا جب کھلاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

پی ایس ایل 12 کی نیلامی کے لیے ہر فرنچائز کا ابتدائی تنخواہی بجٹ 45 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، جو تقریباً 16 لاکھ امریکی ڈالر بنتا ہے۔ تاہم براہ راست کھلاڑی منتخب کرنے، گزشتہ سیزن کے براہ راست منتخب کھلاڑی کو برقرار رکھنے یا دونوں سہولتوں سے فائدہ اٹھانے والی فرنچائزز کے لیے یہ حد بڑھا کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی جائے گی۔

تمام فرنچائزز کے لیے کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا، جو تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معاہدے کی خلاف ورزی: سری لنکن کرکٹر داسن شناکا پی ایس ایل 12 کے لیے نااہل قرار

براہ راست کھلاڑیوں کے انتخاب کی مدت 23 نومبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ہر فرنچائز ایک ایسے بڑے کھلاڑی کو براہ راست اپنی ٹیم میں شامل کرسکے گی جو پی ایس ایل 10 یا پی ایس ایل 11 کا حصہ نہ رہا ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp