پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا انعقاد آئندہ سال 18 مارچ سے 2 مئی تک ہوگا، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق مسلسل دوسرے سال لیگ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوگی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا فیصلہ یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہونے والے لیگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں پہلی مرتبہ 8 ٹیموں نے حصہ لیا تھا، جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ کے بجائے نیلامی کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں ریکارڈ 32 ہزار 461 شائقین موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کا کرکٹ ڈویلپمنٹ ایکسیلنس ایوارڈ متعارف، فرنچائزز کے لیے 2 لاکھ ڈالر انعامی رقم کا اعلان
پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نو سال بعد ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سیزن نے لیگ کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا اور پی ایس ایل 12 کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کے مطابق آئندہ ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں سے براہِ راست معاہدوں، کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، ٹیموں کے درمیان کھلاڑیوں کی تبدیلی اور نیلامی سمیت اہم مراحل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ میچوں کے مکمل شیڈول، مقامات، کھلاڑیوں کی نیلامی اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔










