مغربی بنگال کے 2 حلقوں میں ہزاروں مسلمان ووٹوں کے اخراج کی ایک اور کوشش

ہفتہ 31 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے مغربی بنگال کے 2 انتخابی حلقوں میں عدالتی افسران کے ذریعے بحال کیے گئے 76,000 سے زائد ووٹرز کی فہرست میں شمولیت کو چیلنج کیا ہے۔ چیلنج کا شکار ہونے والے افراد میں سے 99.6 سے 99.9 فیصد نام وہ ہیں جو عام طور پر مسلم برادری سے منسوب ہیں۔

بھارتی نیوز پورٹل ‘دی وائر’ کے مطابق، سِوک ریسرچ گروپ (CRG) کی جانب سے اکٹھے اور تصدیق شدہ اپیلوں کے ریکارڈ کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضلع مرشد آباد کے حلقے ‘شمشیر گنج’ کے 15,195 ووٹرز اور ضلع مالدہ کے حلقے ‘سوجاپور’ کے 61,066 ووٹرز کی شمولیت کو چیلنج کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں حلقوں میں زیادہ تر اپیلیں 5 اپریل 2026 کو دائر کی گئیں، یعنی اسمبلی انتخابات کی حتمی ووٹر فہرستیں منجمد (فریز) ہونے سے محض 2 دن پہلے۔

اعداد و شمار سپیشل انٹینسو ریویژن (SIR) کے تحت ووٹرز کے اخراج کے متضاد پیٹرن کو ظاہر کرتے ہیں۔ شمشیر گنج میں عدالتی افسران نے ووٹرز کی بڑی تعداد کو نااہل قرار دیا تھا، جبکہ سوجاپور میں انہوں نے جانچ پڑتال کے تحت رکھے گئے اکثر ووٹرز کو اہل قرار دے دیا تھا، لیکن الیکشن کمیشن نے بعد میں ان میں سے دسیوں ہزار ووٹرز کی شمولیت کو چیلنج کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے مغربی بنگال انتخابات سے قبل ووٹر فہرستوں میں کٹوتی، خارج کیے گئے ناموں میں مسلمانوں کا تناسب 34 فیصد

اگر الیکشن کمیشن کی تمام اپیلیں منظور ہو جاتی ہیں تو دونوں حلقوں میں عدالتی افسران کی طرف سے منصفانہ قرار دیے گئے ووٹرز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو جائے گی۔

شمشیر گنج میں عدالتی افسران نے 108,400 زیرِ التوا ووٹرز میں سے 69 فیصد یعنی 75,248 افراد کے نام فہرست سے خارج کر دیے تھے اور صرف 33,152 کو برقرار رکھا تھا، تاہم الیکشن کمیشن نے ان میں سے بھی 15,195 ووٹرز کی بحالی کو چیلنج کر دیا ہے۔

سوجاپور کا پیٹرن اس سے بالکل مختلف تھا۔ وہاں زیرِ التوا 134,521 ووٹرز میں سے عدالتی افسران نے صرف 20 فیصد نام خارج کیے اور 107,690 کو اہل قرار دیا تھا۔ لیکن الیکشن کمیشن نے منظور شدہ ووٹرز میں سے 56.7 فیصد یعنی 61,066 افراد کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں۔

اگر یہ تمام اپیلیں کامیاب ہو جاتی ہیں تو اصل زیرِ التوا فہرستوں سے نکلنے والے ووٹرز کی مجموعی شرح شمشیر گنج میں 83 فیصد اور سوجاپور میں 65 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ صرف سوجاپور میں ہی خارج کیے گئے ووٹرز کی تعداد 26,829 سے بڑھ کر 87,895 ہو جائے گی۔

تجزیہ کردہ ریکارڈ سوجاپور کے تمام 107,690 اور شمشیر گنج کے 33,152 میں سے 31,896 (تقریباً 96 فیصد) منظور شدہ ووٹرز کا احاطہ کرتا ہے۔ اب تک سوجاپور میں ٹریبیونلز نے صرف 89 اور شمشیر گنج میں صرف 16 اپیلوں پر فیصلے کیے ہیں۔

نشانہ بنائے گئے تقریباً تمام ووٹرز کے نام مسلم

تجزیے سے یہ سنسنی خیز حقیقت سامنے آئی ہے کہ شمشیر گنج میں الیکشن کمیشن کی جانب سے چیلنج کیے گئے 15,195 ووٹرز میں سے 15,177 یعنی 99.9 فیصد افراد کے نام واضح طور پر مسلم نام ہیں۔ اسی طرح سوجاپور میں 61,066 ووٹرز میں سے 60,823 یعنی 99.6 فیصد کے نام بھی مسلمانوں کے ہیں۔

اپیلوں کی یہ اتنی بڑی تعداد بالخصوص اپریل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ان انتخابات میں ترنمول کانگریس (TMC) نے دونوں نشستیں جیتی تھیں جبکہ انڈین نیشنل کانگریس دوسرے نمبر پر رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیے مغربی بنگال انتخابات: بی جے پی نے سوا کروڑ سے زائد افراد کو ووٹر لسٹوں سے نکال کر کامیابی حاصل کی

شمشیر گنج میں ترنمول کانگریس کے امیدوار محمد نور عالم نے 7,587 ووٹوں کے فرق سے فتح حاصل کی تھی، جبکہ الیکشن کمیشن کی اپیلوں کا ہدف 15,195 ووٹرز ہیں، جو جیت کے مارجن سے تقریباً دو گنا ہیں۔

سوجاپور میں ٹی ایم سی کی امیدوار شبینہ یاسمین نے 60,287 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ الیکشن کمیشن جن 61,066 ووٹرز کو چیلنج کر رہا ہے، وہ ان کے جیت کے مارجن سے بھی تھوڑے زیادہ ہیں۔

اگرچہ ان اپیلوں کے فیصلے سے اپریل کے پاس شدہ انتخابی نتائج تبدیل نہیں ہوں گے، لیکن ان کا نتیجہ مستقبل کے انتخابی مقابلوں بالخصوص بلدیاتی انتخابات میں دونوں حلقوں کے ووٹر تناسب کو بدل سکتا ہے، جن کے شیڈول کا نومبر میں اعلان توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سری لنکن وفد کا دورہ پاکستان، مشترکہ آثار قدیمہ کی تحقیق پر تبادلہ خیال

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

صدر آزاد کشمیر سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے وفد کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے اسکواڈز کا اعلان، 22 نومبر کو بڑا مقابلہ

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

ویڈیو

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

جھڈو کے 208 سرکاری اسکولوں میں صرف 270 اساتذہ: خستہ حال جھونپڑوں میں پڑھائی، والدین کا بااختیار انتظامی یونٹ کا مطالبہ

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟

مولانا فضل الرّحمان اور خواجہ آصف کا نقد سودا