پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بینکوں کے کنسورشیم کی صدارت سنبھال لی

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے بینکوں کے کنسورشیم (ایس سی او آئی بی سی) کی 2026-27  کے لیے چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، جبکہ حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین سلطان علی الانا کو کنسورشیم کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے پیر کو باضابطہ طور پر یہ ذمہ داری سنبھالی۔ سلطان علی الانا اس مدت کے دوران کنسورشیم کی سربراہی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بڑی عالمی کامیابی، 74 سال بعد آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے بورڈ آف گورنرز کی صدارت مل گئی

وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشرفت اسی عرصے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی پاکستان کو ملنے کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے، جو علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، مالیاتی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

وزارت خزانہ نے سلطان علی الانا کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے، سرحد پار تجارت و سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے اور علاقائی انضمام و مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

 

شنگھائی تعاون تنظیم کا بینکوں کا کنسورشیم رکن ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پائیدار ترقی کو فروغ دینا، علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا اور سرحد پار بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نئے طریقہ کار تلاش کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس، پاکستان نے علاقائی ترقی کا شاندار روڈ میپ پیش کر دیا، دفتر خارجہ

پاکستان نے ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھالنے کے بعد تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا آئندہ اجلاس بھی ملک میں منعقد کرنا ہے۔ اس پیش رفت کو علاقائی تنظیم کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط کا ایک اور قدم قرار دیا جارہا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان کا تنظیم میں کردار مبصر سے فعال رکن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جو کثیرالجہتی تعاون اور علاقائی اشتراک کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی آئندہ سربراہی کو علاقائی اور عالمی سطح پر ملک کی قیادت پر اعتماد کا مظہر بھی قرار دیا ہے۔

پاکستان اس سے قبل اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کا اجلاس منعقد کرچکا ہے، جبکہ اس وقت تنظیم کے علاقائی انسداد دہشتگردی ڈھانچے کی 2025-26 کے لیے صدارت بھی پاکستان کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی قیادت میں شنگھائی تعاون تنظیم مزید مضبوط ہوگی، چین

اس کے علاوہ پاکستان تنظیم کے غربت میں کمی سے متعلق ورکنگ گروپ کی مستقل سربراہی بھی کرتا ہے، جس کا مقصد خطے میں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان اور جاپان کے تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات: حکومتِ جاپان کا سابق پاکستانی سفیر فرخ اختر عامل کے لیے اعلیٰ ترین سول اعزاز کا اعلان

سری لنکن وفد کا دورہ پاکستان، مشترکہ آثار قدیمہ کی تحقیق پر تبادلہ خیال

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

صدر آزاد کشمیر سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے وفد کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے اسکواڈز کا اعلان، 22 نومبر کو بڑا مقابلہ

ویڈیو

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

جھڈو کے 208 سرکاری اسکولوں میں صرف 270 اساتذہ: خستہ حال جھونپڑوں میں پڑھائی، والدین کا بااختیار انتظامی یونٹ کا مطالبہ

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟

مولانا فضل الرّحمان اور خواجہ آصف کا نقد سودا