چینی وزارت خارجہ کے عہدیدار اور ایس سی او کے قومی رابطہ کار چن دائی وان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ایس سی او کی 2026-2027 کی چیئرمین شپ کا مکمل تعاون اور رابطہ کاری کرے گا، پاکستان کی قیادت میں تنظیم میں تعاون اور ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔
اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی رابطہ کاروں کے اجلاس کے موقع پر چینی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال 2 ستمبر سے باضابطہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کے لیے چیئرمین شپ سنبھالی ہے، چین پاکستان کو چیئرمین شپ سنبھالنے پر گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی زیر صدارت ایس سی او اجلاس، باہمی مفاد اور مشترکہ ترقی کے عزم کا اعادہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2017 میں تنظیم میں شمولیت کے بعد سے ایس سی او کی ترقی اور تعمیر میں فعال کردار ادا کیا اور تنظیم کی تیز رفتار اور صحت مند ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جسے چین قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چینی عہدیدار کے مطابق پاکستان نے 2024 میں ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کی کامیاب میزبانی کی، جس کے نتیجے میں کئی اہم اور عملی اقدامات سامنے آئے۔ چین کو مکمل یقین ہے کہ پاکستان کی چیئرمین شپ میں شنگھائی تعاون تنظیم مسلسل صحت مند انداز میں آگے بڑھے گی اور تنظیم کے اندر مزید تعاون اور ترقی ہوگی۔
چن دائی وان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اچھی دوستی ہے، دونوں ممالک صرف اچھے دوست ہی نہیں بلکہ بھائی بھی ہیں اور دونوں ملکوں کو اکثر ایک دوسرے کا آہنی دوست کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین یہ دیکھ کر خوش ہے کہ ایس سی او کی چیئرمین شپ کے دوران پاکستان اہم، بامقصد اور نتیجہ خیز سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کرے گا۔ چین کو مکمل یقین ہے کہ پاکستان اپنی چیئرمین شپ کے دوران شنگھائی جذبے کی رہنمائی میں ایس سی او کو آگے بڑھائے گا اور ‘تصورات کو حقیقت میں بدلنے، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی’ کے موضوع پر اپنی سرگرمیوں کو مرکوز رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 2027 کے ایس سی او اجلاس کی تیاریاں، اسحاق ڈار کی بروقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
چینی عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد مضبوط ہوگا، ممالک مزید متحد ہوں گے، جبکہ ایس سی او کے دائرہ کار میں عملی تعاون اور عوامی و ثقافتی روابط کو بھی وسعت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں تنظیم انصاف اور برابری کے اصولوں کو برقرار رکھے گی اور عالمی نظم و نسق کو مزید منصفانہ، مساوی اور شفاف بنانے میں کردار ادا کرے گی۔
چن دائی وان نے کہا کہ ایس سی او 2025 کے تیان جن سربراہی اجلاس، 2026 کے بشکیک سربراہی اجلاس اور دیگر اجلاسوں میں کیے گئے اہم فیصلوں اور قراردادوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔ تنظیم کے متعلقہ طریقہ کار اور اداروں، بشمول عالمی مرکز، انسداد منشیات مرکز اور سیکریٹریٹ کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کو مکمل یقین ہے کہ بطور چیئرمین پاکستان کی فعال کوششوں سے تنظیم تیزی سے مزید پیش رفت کرے گی اور اس کا اثر و رسوخ اور اہمیت مزید بڑھے گی۔ پاکستان خود بھی بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں زیادہ مضبوط اثر و رسوخ حاصل کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کی ایس سی او ممالک کے درمیان ’ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اینڈ کمپیوٹ کوریڈور‘ قائم کرنے کی تجویز
چینی عہدیدار نے کہا کہ چینی فریق پاکستان کی چیئرمین شپ کو مکمل تعاون اور رابطہ کاری فراہم کرے گا۔ ایس سی او کے دائرہ کار میں دونوں ممالک کے قریبی تعاون سے پاکستان اور چین کی دوستی اور گہرا تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا۔
چن دائی وین نے پاکستان کے لیے مزید مضبوطی اور پاکستانی عوام کے لیے بہتر زندگی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔














