محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممکنہ شرکت سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر نے واضح کیا ہے کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں رجسٹریشن کرانے سے متعلق بین الاقوامی میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹر محمد عامر دی ہنڈریڈ لیگ کا حصہ بن گئے، برطانوی پاسپورٹ نے راہ ہموار کردی
محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ آئی پی ایل سے متعلق خبروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں، یہ اطلاعات درست نہیں ہیں۔
34 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے رواں سال مئی میں برطانیہ کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہریت حاصل کی تھی۔ وہ پیر کو افغانستان پریمیئر لیگ کے ابتدائی ایڈیشن کی نیلامی کے لیے بھی برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
دبئی میں منگل کو ہونے والی افغانستان پریمیئر لیگ کی نیلامی کے لیے جاری فہرست میں محمد عامر کو برطانوی شہری ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ان کے ملکِ رہائش کے طور پر پاکستان درج ہے۔ انہیں پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد عامر کو برطانوی شہریت مل گئی، کاؤنٹی کرکٹ میں مقامی کھلاڑی کے طور پر کھیلیں گے
اسی رجسٹریشن کی بنیاد پر کرکٹ کی خبروں سے متعلق ایک بین الاقوامی ویب سائٹ نے امکان ظاہر کیا تھا کہ محمد عامر 2027 میں ہونے والی آئی پی ایل کی نیلامی کے لیے بھی برطانیہ سے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ آئی پی ایل کی منی نیلامی 16 دسمبر کو گوا میں شیڈول ہے۔
رپورٹ میں سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود کی مثال بھی دی گئی تھی، جنہوں نے برطانوی پاسپورٹ پر 2012 سے 2015 کے دوران آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے کہ محمد عامر اس سے قبل آئی پی ایل میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ گزشتہ سال نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانوی شہریت ملنے کے بعد اگلے سال انہیں آئی پی ایل کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے اور موقع ملا تو وہ ضرور کھیلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد عامر کو کپتانی مل گئی، ابو ظہبی ٹی10 لیگ میں کوئٹہ کیولری کی قیادت کریں گے
محمد عامر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ایک روزہ اور 62 ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔










