وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کا آئی کیو (IQ) نیوٹن کے قریب ہے اور ان کی ذہنی صلاحیتیں غیر معمولی ہیں۔
نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کے کام کرنے کے انداز، انتظامی صلاحیتوں اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے متعلق گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کام کرتے ہیں اور ہر ہفتے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی منعقد کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا IQ لیول آئزک نیوٹن کے قریب ہے، حذیفہ رحمان pic.twitter.com/uoVuaX5J1L
— Muhammad Zeeshan Awan (@surrakimuhammad) November 2, 2026
حذیفہ رحمان کے مطابق وزیراعظم بدعنوانی اور نااہلی کو برداشت نہیں کرتے اور وزرا سے بھی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا معیارِ اہلیت اتنا بلند ہے کہ اگر ان کے اختیار میں ہو تو وہ موجودہ 55 رکنی وفاقی کابینہ میں سے 52 یا 53 وزرا کو فارغ کرکے صرف دو یا تین ارکان کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے وزیراعظم کی ذہانت کا موازنہ معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر شہباز شریف سے کہتے ہیں کہ ان کا آئی کیو نیوٹن کے قریب ہے۔
حذیفہ رحمان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی اندازوں کے مطابق آئزک نیوٹن کا آئی کیو 168 تصور کیا جاتا ہے جبکہ وزیراعظم کی تیزی سے فیصلے کرنے اور حالات کو سمجھنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ان کا آئی کیو تقریباً 158 سے 160 کے درمیان ہوسکتا ہے۔
شہباز شریف کا آئی کیو لیول آئزک نیوٹن کے قریب ہونے سے متعلق بیان پر حذیفہ رحمان کی وضاحت#ARYNews pic.twitter.com/CXBV3t1HF0
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) November 3, 2026
ان کا کہنا تھا کہ اس بیان کا مقصد وزیراعظم کی غیر معمولی فکری اور انتظامی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا تاہم ان کی گفتگو کو سوشل میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔










