وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم ریفائنریوں سے حاصل ہونے والا اضافی منافع عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا، جس کے نتیجے میں گزشتہ جمعے پیٹرول کی قیمت میں متوقع 15 روپے فی لیٹر اضافہ روک دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے بعد پیٹرولیم شعبے میں منافع اور مارجن میں اضافے سے حاصل ہونے والی رقم واپس لے کر عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے خرچ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق آج پھر اچھی خبر ملے گی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خوشخبری سنا دی
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ریفائنریوں کے منافع اور مارجن میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت نے اسی اضافی منافع کو واپس حاصل کرکے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ طریقہ پہلے بھی اختیار کیا جاچکا ہے اور اس رقم کو سبسڈی کی صورت میں عوام کو ریلیف دینے پر خرچ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ جمعے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم اس اضافے کو روکنے کے لیے ریفائنریوں سے حاصل ہونے والا اضافی منافع استعمال کیا گیا۔ اس طرح قیمتوں میں متوقع اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے بچایا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب حالات معمول کے مطابق ہوں تو پیٹرولیم شعبے میں منافع اور عوام پر پڑنے والے بوجھ کے درمیان ایک توازن برقرار رہتا ہے، لیکن مشکل وقت میں جب قیمتوں میں اضافے سے عوام متاثر ہوتے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اضافی کوشش کرکے اس منافع سے شہریوں کو فائدہ پہنچائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کب کم ہوں گی، علی پرویز ملک نے بتا دیا
انہوں نے کہا کہ جب قیمتیں اوپر جاتی ہیں تو پیٹرولیم شعبے میں منافع اور مارجن بڑھتے جاتے ہیں، ایسے میں حکومت کو یہ دیکھنا چاہیے کہ اس اضافی آمدن کو عوامی ریلیف کے لیے کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے اسی حکمت عملی کے تحت ریفائنریوں سے اضافی منافع واپس حاصل کیا اور اسے عوام پر خرچ کیا تاکہ ان پر مزید مالی بوجھ نہ پڑے۔
عطا اللہ تارڑ نے اس اقدام کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ پیٹرولیم شعبے کے اضافی منافع کو واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔ ان کے مطابق اس معاملے میں نہ بدعنوانی کا کوئی پہلو ہے اور نہ ہی قانونی خلاف ورزی ہوئی ہے، بلکہ حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ اقدام کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر نہ صرف سوچ بچار کی بلکہ اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے رہنمائی فراہم کی اور متعلقہ اداروں کو اضافی منافع عوامی ریلیف کے لیے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ پیٹرولیم اور اوگرا نے ریفائنریوں سے بات چیت کی اور انہیں اس اقدام پر آمادہ کیا۔ اس عمل کے دوران بعض ریفائنریوں کو کچھ مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم حکومت نے معاملات طے کرکے اضافی منافع عوامی فائدے کے لیے حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل پی جی کی درآمد مسابقتی بنیادوں پر کھولنے کا فیصلہ کرلیا، چند افراد کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے، عطااللہ تارڑ
پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کے امکان سے متعلق سوال پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 15 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا گیا ہے اور ان کے خیال میں اس اقدام سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ سکے گا۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امن کی کوششوں کے لیے اہم رہنمائی فراہم کی، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار بھی تاریخی رہا ہے۔ حال ہی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران بھی گئے، ان کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، جبکہ دیگر ممالک کی قیادت نے بھی اس عمل میں اپنا کردار ادا کیا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی اور عالمی برادری پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔











