امریکی ریاست جارجیا میں ڈیموکریٹک امیدوار کیشا لانس باٹمز نے گورنر کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کردی۔ وہ امریکا کی تاریخ میں کسی بھی ریاست کی گورنر منتخب ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ری پبلکن امیدوار اور کاروباری شخصیت رک جیکسن کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں سیاہ فام خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
Democrat Keisha Lance Bottoms will win Georgia’s gubernatorial race and become the first Black female governor in US history, CNN’s Decision Desk projects.
The former Atlanta major also will make Georgia history as the first African American and the first woman elected to the… pic.twitter.com/6fyh2uljdL
— CNN (@CNN) November 4, 2026
56 سالہ کیشا لانس باٹمز جنوری 2027ء میں عہدہ سنبھالیں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ جارجیا کی پہلی خاتون گورنر بھی بن جائیں گی۔ اس سے قبل ریاست کی تاریخ میں تمام گورنر سفید فام مرد رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باٹمز کی کامیابی سے جارجیا میں ری پبلکنز کی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط حکمرانی کا خاتمہ بھی ہوگیا ہے۔ ریاست میں آخری مرتبہ ڈیموکریٹک گورنر 2003ء میں عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔
کیشا لانس باٹمز 2018ء سے 2022ء تک اٹلانٹا کی میئر رہیں، جب کہ بعد ازاں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں مشیر اور وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے عوامی رابطہ کاری کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی انتخابات سے قبل آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کی ایرانی حکمت عملی کیوں؟
انتخابی مہم کے دوران انہوں نے صحت کی سہولتوں تک رسائی، مہنگائی میں کمی، کم از کم اجرت میں اضافے اور میڈیکیڈ کے دائرہ کار کو وسعت دینے کو اپنی ترجیحات قرار دیا تھا۔
اے پی کے مطابق ان کی کامیابی میں اٹلانٹا اور اس کے نواحی علاقوں کے ووٹرز، بالخصوص سیاہ فام ووٹرز کی حمایت نے اہم کردار ادا کیا۔











