پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے لاہور کی سُرتال میوزک اکیڈمی کے کم عمر طلبہ کو اپنے آنے والے پاکستان ٹور کا حصہ بنانے کا اعلان کردیا، جہاں یہ بچے ان کے کنسرٹس میں مرکزی پرفارمنس سے قبل اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
عاصم اظہر نے گزشتہ روز لاہور میں سُرتال میوزک اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ گانے بھی گائے۔ گلوکار نے اعلان کیا کہ اکیڈمی کے یہ باصلاحیت بچے ان کے دورے کے دوران پہلی مرتبہ عوامی سطح پر ہونے والے کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی گانوں پر ناروے کا آرٹسٹ بھی جھوم اٹھا، لاہور کی سُرتال اکیڈمی کے بچوں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
اس موقع پر عاصم اظہر نے اپنے مقبول گیت ‘کھبے سجے’ اور ‘جو تو نہ ملا’ بھی بچوں کے ساتھ گائے، جبکہ ایک کم عمر فنکار نے ہارمونیم پر ان کا ساتھ دیا۔
View this post on Instagram
رپورٹ کے مطابق اکیڈمی کے طلبہ نے اس سے قبل ایک ویڈیو کے ذریعے عاصم اظہر کو اپنے ادارے آنے کی دعوت دی تھی، جس میں انہوں نے ڈرامے ‘میری زندگی ہے تو’ کا مقبول گیت پیش کیا تھا۔ گلوکار نے بچوں کی دعوت قبول کرتے ہوئے اکیڈمی کا دورہ کیا اور انہیں اپنے ٹور میں پرفارم کرنے کا موقع فراہم کردیا۔
سُرتال میوزک اکیڈمی ان دنوں فن و موسیقی سے وابستہ معروف شخصیات کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ عاصم اظہر کے علاوہ اداکارہ امر خان نے بھی اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ پنجابی گیت ‘اج کالا جوڑا پا’ گایا۔
یہ بھی پڑھیں: ممتاز مولائی کے مشہور گانے کے طرز پر سندھ کے بچوں کا درد بیان کرنے والے کمسن بچے کی ویڈیو وائرل
گلوکارہ نتاشا بیگ بھی اکیڈمی پہنچیں اور بچوں کے ساتھ معروف قوال استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی گنگنائی، جبکہ ناروے سے تعلق رکھنے والے ولیم گیمبورگ نے بھی بچوں کے ساتھ گلوکاری کی۔ اس دوران بچوں کی جانب سے حمزہ ملک اور زین زوہیب کا مقبول گیت ‘الفاظ’ پیش کیا گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
View this post on Instagram
عاصم اظہر کا ‘عاصم علی ٹور’ 6 نومبر کو فیصل آباد، 7 نومبر کو لاہور اور 8 نومبر کو اسلام آباد میں شیڈول ہے۔ اس کے بعد وہ بیرون ملک کنسرٹس کے لیے امریکا روانہ ہوں گے، جبکہ کرسمس کے موقع پر کراچی میں پرفارمنس کے لیے پاکستان واپس آئیں گے۔











