امریکی شہری کی 5 فٹ 3 انچ لمبی داڑھی نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست کنساس کے شہر بالڈون سٹی سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ میتھیو ہیے نے اپنی غیر معمولی طویل داڑھی کے باعث گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا لی۔

ان کی داڑھی کی لمبائی 5 فٹ 3 انچ (1.603 میٹر) ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد انہیں مرد کی سب سے لمبی قدرتی داڑھی کا عالمی اعزاز دے دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 92 سال کی عمر میں پہلی بار نانا بننے والے امریکی شہری نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میتھیو ہیے نے گزشتہ 20 برس سے زائد عرصے کے دوران اپنی داڑھی نہیں تراشی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکی شہری روڈولف مارٹینو کے پاس تھا جن کی داڑھی کی لٹ کی لمبائی 3 فٹ 6 انچ تھی۔ ہیے نے سابقہ ریکارڈ کو تقریباً دو فٹ کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

میتھیو ہیے کے مطابق انہوں نے تقریباً دو دہائیاں قبل داڑھی بڑھانا شروع کی تھی۔ اس کا آغاز اس وقت ہوا جب چند بچوں نے انہیں داڑھی کی چوٹی بنانے کا مشورہ دیا۔ انہیں یہ انداز پسند آیا اور انہوں نے داڑھی بڑھانا جاری رکھا۔ وقت کے ساتھ ان کے بال آپس میں الجھ کر ایک لمبی قدرتی لٹ کی شکل اختیار کر گئے جو ہر سال تقریباً تین سے چار انچ بڑھتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سب سے ’ سلم ‘ کار تیار، نہ گرنے کا ڈر نہ پارکنگ کی پریشانی، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے تیار

ریکارڈ کی پیمائش کے دوران ان کی داڑھی کی لٹ کو لکڑی کے ایک بڑے تختے پر پھیلا کر ناپا گیا جس سے اس کی غیر معمولی لمبائی کی تصدیق ہوئی۔

ہیے کا کہنا ہے کہ داڑھی کی دیکھ بھال کے لیے وہ شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کرتے ہیں تاہم اسے تراشنے سے مکمل گریز کرتے ہیں۔ داڑھی کی لمبائی زمین تک پہنچنے کے باعث انہیں روزمرہ معمولات میں اسے کئی مرتبہ موڑ کر باندھنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوئٹزرلینڈ کے کسان نے دنیا کی سب سے طویل مرچ اُگا لی، ‘گنیز ورلڈ ریکارڈ’ قائم

انہوں نے بتایا کہ ان کی شخصیت صرف طویل داڑھی تک محدود نہیں بلکہ انہیں گاڑیوں، کمپیوٹرز، ویٹ لفٹنگ اور ویڈیو گیمز میں بھی دلچسپی ہے۔ ان کے مطابق بعض لوگ ان کی داڑھی کی تعریف کرتے ہیں جبکہ کچھ افراد ظاہری شکل کی بنیاد پر تنقید بھی کرتے ہیں۔ تاہم ان کا خیال ہے کہ معاشرے میں مختلف حلیہ اختیار کرنے والے افراد کو قبول کرنے کا رجحان بڑھنا چاہیے۔

میتھیو ہیے نے فی الحال اپنی داڑھی کاٹنے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا اور اسے مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا یہ منفرد عالمی اعزاز نومبر میں منائی جانے والی ’نو شیو نومبر‘ مہم کے موقع پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس کے دوران لوگوں کو ایک ماہ تک شیو نہ کرنے اور چہرے کے بال بڑھانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp