برطانوی میڈیا ریگولیٹر آف کام نے کہا ہے کہ اسنیپ چیٹ نے برطانیہ میں بچوں کے صارفین کے لیے بطور ڈیفالٹ ’فائنڈ فرینڈز‘ فیچر بند کرنا شروع کر دیا ہے جسے آن لائن گرومنگ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسنیپ چیٹ پر ملاقات کا جھانسہ، آسٹریلیا میں 15 سالہ لڑکے پر بہیمانہ تشدد
فرینڈ ڈسکوری فیچر صارفین کو نئے رابطے تلاش کرنے اور انہیں ایڈ کرنے میں مدد دیتا ہے۔
آف کام کے مطابق اس تبدیلی سے تصویر شیئرنگ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اجنبیوں کے لیے بچوں سے رابطہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ ریگولیٹر اسے برطانیہ میں بچوں کے زیر استعمال سب سے بڑی اور مقبول ترین آن لائن سروسز میں سے ایک سمجھتا ہے۔
ریگولیٹر نے مئی میں کہا تھا کہ اسنیپ چیٹ برطانیہ میں 8 سے 12 سال کی عمر کے 32 فیصد بچوں کے زیر استعمال ہے حالانکہ پلیٹ فارم کی کم از کم عمر کی حد 13 سال ہے۔
آف کام کے آن لائن سیفٹی گروپ کے ڈائریکٹر اولیور گریفتھس نے کہا کہ یہ تبدیلی بہت پہلے ہو جانی چاہیے تھی اور ریگولیٹر اس ماہ اس نئے تحفظ کے نفاذ کی نگرانی کرے گا۔
اسنیپ چیٹ نے مئی میں ایسی تبدیلی کرنے کا عہد کیا تھا اور حال ہی میں ریگولیٹر کو بتایا تھا کہ 18 سال سے کم عمر کے افراد کے لیے مؤثر عمر کی جانچ سال کے آخر تک نافذ ہو جانی چاہیے۔
مزید پڑھیے: اسنیپ چیٹ ’فری لنچ‘ ختم: یادگار تصاویر، ویڈیوز نہیں گنوانی تو پیسے دیں!
پلیٹ فارم نے جمعہ کو تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
سوشل میڈیا پر آن لائن گرومنگ کے بارے میں طویل عرصے سے تشویش پائی جاتی ہے۔
نیشنل سوسائٹی فار دی پریونشن آف کرولٹی ٹو چلڈرن کے برطانوی پولیس ڈیٹا کے سنہ 2025 کے تجزیے سے ظاہر ہوا کہ بچوں کے ساتھ جنسی رابطے کے ریکارڈ شدہ جرائم میں سے 40 فیصد ایسے واقعات جن میں پلیٹ فارم کی شناخت ہوئی، اسنیپ چیٹ پر پیش آئے۔
آف کام نے بڑی ٹیک کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرومنگ مخالف مضبوط اقدامات متعارف کرائیں۔ اس نے کہا ہے کہ آن لائن گرومنگ بچوں کے لیے تباہ کن، زندگی بھر کے نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: انسٹاگرام کا نیا فیچر ’انسٹاگرام میپ‘، اسنیپ چیٹ کو ٹکر دینے کی کوشش
ریگولیٹر نے گرومنگ کے خطرات سے نمٹنے میں ناکام دیگر ٹیک کمپنیوں کو بھی دوبارہ وارننگ جاری کی ہے کہ انہیں ان کی عالمی آمدنی کے 10 فیصد تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔











