پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ایشیا کپ 2026 میں اعزاز کا دفاع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ٹائٹل جیتنے کے لیے گزشتہ سال کی کامیابی کو دہرانے کی بھرپور کوشش کرے گی، جبکہ عمان میں قبل از وقت تربیتی کیمپ سے کھلاڑیوں کو مقامی موسم، پچز اور کھیل کے حالات سمجھنے کا موقع ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ کیخلاف 200 رنز سے تاریخی فتح، 350 رنز کا پہاڑ، میزبان ٹیم 150 پر ڈھیر
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے فرحان یوسف نے کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے ٹیم کو عمان بھیجنے کا فیصلہ تیاریوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوا ہے۔ اس سے کھلاڑیوں کو وہاں کے موسم، پچز اور کھیلنے کی کنڈیشنز کا جائزہ لینے اور خود کو ماحول سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملی۔
قومی انڈر 19 کپتان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹیم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور گزشتہ سال کی کامیابی کو معمولی نہیں سمجھ رہی۔ کھلاڑی اسی جذبے، محنت اور جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ گزشتہ ایڈیشن میں قائم کیے گئے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔
فرحان یوسف نے ٹیم کے ماحول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند اور اعتماد مضبوط ہے۔ گزشتہ سال بھی پاکستان کے پاس ایک اچھی ٹیم تھی، تاہم نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے موجودہ اسکواڈ مزید مضبوط ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی قدم، انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان
انہوں نے تیاریوں کے دوران ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے اعتماد اور تعاون کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ٹیم کی توجہ گزشتہ کامیابی کو آگے بڑھانے، مثبت سوچ برقرار رکھنے اور پورے ٹورنامنٹ میں مستقل مزاجی کے ساتھ کھیلنے پر مرکوز ہے۔
اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 6 نومبر سے عمان میں شروع ہوگا، جہاں پاکستان اپنے پہلے میچ میں 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہوگا۔ یہ مقابلہ المسرت کرکٹ گراؤنڈ، مسقط میں کھیلا جائے گا۔
8 ٹیموں پر مشتمل 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، بھارت اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا کی ٹیمیں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمر چھپانے کے اسکینڈل میں بھارت کے انڈر 19 ورلڈ کپ ’ہیرو‘ روی کمار سمیت 65 کھلاڑی بے نقاب
پاکستان گروپ مرحلے میں اپنا دوسرا میچ 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، جبکہ آخری گروپ میچ 10 نومبر کو نیپال سے ہوگا۔ دونوں گروپس کی ابتدائی 2، 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جو 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 14 نومبر کو شیڈول ہے۔
فرحان یوسف گزشتہ ایڈیشن میں بھی پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں، جب قومی ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان انڈر 19 اسکواڈ
پاکستانی اسکواڈ میں فرحان یوسف (کپتان)، عبدالقادر (وکٹ کیپر)، عبدالسبحان، احمد حسین، علی رضا، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حسنین عباس ڈار، حیم خان، حذیفہ احسن، جہانگیر بلال، محمد حذیفہ، محمد سیم، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور عثمان خان ہیں۔










