نامعلوم افراد شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل سے لے گئے، عمران خان

جمعہ 21 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل سے لے گئے ہیں تاکہ ان کا میرے خلاف 164 کا بیان ریکارڈ کرایا جائے۔

سوشل میڈیا ٹویٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ بدھ کے روز رہنما پی ٹی آئی شہریار آفریدی کو نامعلوم افراد اڈیالہ جیل سے نکال کر اپنے ساتھ  لے گئے ہیں جو کہ مکمل طور پر غیر قانونی ہے، اس سے ملک میں سراسر لاقانونیت اور بے حسی ظاہر ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا شہریار آفریدی کے وکیل کے مطابق شہریار کو اس اذیت اور ایذا رسانی سے دوچار کرنے کا واحد مقصد انہیں میرے خلاف 164 کا بیان ریکارڈ کرنے پر مجبور کرنا ہے۔

انہوں نے ایک ایف آئی آر کی کاپی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب ان (شہریار آفریدی) کے خلاف بہاولپور میں ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں ان پر گندم چوری کا مضحکہ خیز الزام لگایا گیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں ہماری عدلیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک مؤقف اختیار کرے اور ہمارے بنیادی حقوق کی مکمل خلاف ورزی اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے اراکین کو کھلے عام نشانہ بنائے جانے کو روکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp