9 مئی مقدمات، عمران خان کی عبوری ضمانت 31 جولائی تک توسیع

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے 9 مئی کے 6 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت 31 جولائی تک منظور کر لی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں 9 مئی کے 6 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی،عمران خان کی جانب سے شیر افضل مروت بطور وکیل پیس ہوئے۔

وکیل شیر افضل کی کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تو سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی اسلام آباد میں موجود ہیں تو عدالت میں حاضری لگائیں۔

پراسیکیوٹر نے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر اعتراض اٹھایا کہ چیرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی دی جارہی ہے، گزشتہ روز چیرمین پی ٹی آئی پر بوتل پھینکی گئی، لوگوں نے ہر جگہ کو کچرہ دان سمجھ لیا ہے، چلتی گاڑی سے بھی بوتل پھینک دیتے ہیں۔

کیا آپ ٹک ٹاک پر عمران خان کو فالو کر رہے ہیں، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کا پراسیکیوٹر سے مکالمہ

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیو کچہری میں بھی خطرہ محسوس کرتے تو پھر کیا بنے گا؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ کسی نے بوتل جان بوجھ کر نہیں پھینکی، خود ہی بوتل آ گئی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی کو ٹک ٹاک پر فالو تو نہیں کرنا شروع کردیا؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ فالو کرتاہوں اور چیرمین پی ٹی نے حریم شاہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیاہے، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کہا اس پر نو کمنٹ، سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔

سماعت میں وقفے کے بعد عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ عدالت نے 3 دن میں چیف کمشنر کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے مجھے بلا کے کہا کہ عدالت کو بتائیں جب تک فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک کوئی حکم جاری نا کیا جائے، عدالت سے استدعا ہے عمران خان کی استثنی کی درخواست منظور کی جائے۔

پراسیکیوٹر نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست پر ایک بار پھر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزم آج اسلام آباد میں موجود تھا تو پیش ہونا چاہیے تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے وکیل شیر افضل مروت سے استفسار کیا کہ کل کا دن رہ گیا ہے اس کے بعد تو چھٹیاں ہیں، ملزم کے پیش ہونے پر کیا ایشو ہے۔

وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ تفتشی افسر کے والد کا انتقال ہوا کوئٹہ سے کل ہی واپس آئے ہیں، عمران خان کس کے سامنے پیش ہوتے، تفتیشی افسر کی جانب سے ہمیں ٹائم نہیں دیا جا رہا کہ ہم شامل تفتیش ہوں۔

وکیل شیر افضل مروت نے عدالت سے استدعا کی کہ 2 اگست کی تاریخ مقرر کر دیں محرم کی چھٹیاں ہیں کیسے شامل تفتیش ہوں گے جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ کیس کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کرتے ہیں آپ شامل تفتیش ہوں، یکم اگست سے میں چھٹیوں پر جا رہا ہوں کیا ڈیوٹی ججز کے سامنے پیش ہوتے رہیں گے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی جبکہ سماعت دو اگست تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp