ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل انتقال کرگئے

جمعرات 17 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق رکن قومی اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کے کنورنوید جمیل طویل علالت کے بعد جمعرات کو انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کنور نوید جمیل کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ برین ہیمرج کے شکار اور نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

کنور نوید جمیل کی نماز جنازہ جمعے کو کراچی میں ڈیفینس فیز 1 میں ڈی ایچ اے آفس کے قریب واقع مسجد مصطفیٰ میں نماز جمعہ کے بعد ادا کی جائے گی۔

کنور جمیل کون تھے؟

کنور نوید جمیل 15 مارچ 1964 کو کراچی کے علاقے عزیز آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی اپتدائی تعیلم حیدر آباد سے حاصل کی جس کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج حیدرآباد سے بی ایس سی کی ڈگری اور جناح لا کالج حیدرآباد سے ایل ایل بی کیا تھا۔

کنور نوید جمیل زمانہ طالب علمی سے سیاست میں سرگرم رہے اور سنہ 1990 کے عام  انتخابات میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور سنہ 2002  کے عام انتخابات میں  صوبائی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

نومبر 2005 میں انہوں نے سندھ کی صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد وہ ضلع حیدرآباد کے میئر کے طور پر منتخب ہوگئے تھے۔ وہ سنہ 2015 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں حلقہ این اے 246 سے ایم کیو ایم کے امیدوار کے طور پر ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور سنہ 2018 کے عام انتخابات میں پھر رکن سندھ اسمبلی کی سیٹ جیتی۔ وہ ایم کیو ایم کے کنوینر بھی رہے۔

کنور نوید جمیل برین ہیمرج کے شکار ہوئے جس پر انہیں کراچی کے ایک نجی اسپتال لایا گیا جہاں گھنٹوں طویل آپریشن کے بعد انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp