ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک شفقت اللہ نے اٹک جیل کے دورے کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں انہوں نے چیئرمین عمران خان کی شکایات کو مکمل درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو اس حالت میں رکھنا پریزن رولز 257 اور 771 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
15 اگست 2023 کو اٹک جیل کے دورے کے بعد ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک شفقت اللہ نے اپنی انسپکشن رپورٹ جاری کی ہے جس میں جج شفقت اللہ نے کہا ہے کہ چئیرمین عمران خان کے ساتھ اٹک جیل میں بدسلوکی کی جا رہی ہے۔
1 by Iqbal Anjum on Scribd
جج شفقت اللہ نے رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے اٹک جیل میں کمرے کے عین باہر کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن( سی سی ٹی وی )کیمرہ نصب ہے جب کہ ٹوائلٹ کی ایل شکل کی دیوار محض اڑھائی سے 3 فٹ اونچی ہے۔
مزید پڑھیں
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شفقت اللہ خان نے رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ 5 سے 6 فٹ کی بلندی پر لگے کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی )کیمرہ کی وجہ سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ٹوائلٹ کے استعمال اور دورانِ غسل بھی کوئی پرائیویسی میسر نہیں۔
جج کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی شکایات مکمل طور پر درست ہیں۔ بقول ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شفقت اللہ خان عمران خان کو اس حالت میں رکھنا پاکستان پریزن رولز 257 اور 771 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’وکلا اور اہلیہ کی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان تک رسائی میں بھی مشکلات ہیں تاہم جیل حکام کی جانب سے عمران خان کو درپیش شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
جج شفقت اللہ کی رپورٹ آ گئی، قوم دیکھ لے عمران خان مشکلات میں ہیں، فرخ حبیب
ادھر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) مغربی پنجاب زون کے صدر اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپنے ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ اٹک جیل میں عمران خان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے اپنے اٹک جیل کے دورے کے دوران سابق وزیراعظم کے ڈیتھ سیل جہاں ان کو قید رکھا گیا ہے اس کی انتہائی ہوشربا رپورٹ جاری کردی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے اٹک جیل وزٹ کے دوران سابقہ وزیراعظم کے ڈیتھ سیل جہاں انکو قید کیا گیا اسکی انتہائی ہوشربا رپورٹ جاری کردی۔ عمران خان کو ذہنی ازیت دینے کے لئے انکے سیل میں واش روم کے سامنے کیمرہ لگائے ہوئے ہے جو کہ prison rule 257اور 771 کی کھلے عام خلاف ورزی ہے۔ جو گھٹیا… pic.twitter.com/AQfFkG7nU6
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) August 21, 2023
انہوں نے بھی ٹوئٹ میں الزام عائد کیا کہ عمران خان کو ذہنی اذیت دینے کے لیے ان کے سیل میں واش روم کے سامنے کیمرے لگائے گئے ہیں جو کہ پاکستان پریزن رولز 257 اور 771 کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دیکھ لے عمران خان انتہائی مشکلات اور ظلم کے باوجود ان ظالموں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور یہاں بقول ان کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کا سہولیات سے متعلق کیس تاریخ ڈالنے کے باوجود التوا میں رکھا ہوا ہے۔