سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع

بدھ 30 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‏اٹک جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کردی۔

آج صبح سائفر کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم عمران خان کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ان کیمرہ ٹرائل شروع ہوا۔ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین اٹک جیل میں سماعت کی۔

عمران خان کی لیگل ٹیم میں بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر عمیر نیازی، خالد یوسف چوہدری ایڈویکیٹ اور پنجوتھہ برادران شامل تھے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ جیل حکام عمران خان کے وکلاء کی ٹیم کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

لیگل ٹیم کے ایک رکن نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ رات سے جیل حکام سے رابطے میں تھے، صبح سے دروازے پر کھڑے ہیں لیکن جیل میں لگنے والی عدالت میں قانونی ٹیم کو ہی پیش ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

لیگل ٹیم کے مطابق جیل حکام نے صرف ایک وکیل کے اندر داخلے کی اجازت دی ہے لیکن بیرسٹر سلمان صفدر نے اکیلے عدالت میں پیش ہونے کے بجائے لیگل ٹیم کے ساتھ پیش ہونے کا کہا ہے۔

’لیگل ٹیم کے بغیر صرف ایک وکیل کو ہی اندر داخلے کی اجازت بھی فیئر ٹرائل کے تقاضوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔‘

بعدازاں قانونی ٹیم کو جیل میں داخلہ کی اجازت مل گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث وفاقی وزارت قانون نے گزشتہ روز سائفر کیس میں عمران خان کیخلاف مقدمہ کی اٹک جیل میں ہی سماعت کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس سلسلہ میں وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

وزارت قانون کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت جیل میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp