پشاور: بچی کو اغوا کرکے افغانستان لے جانے کی کوشش ناکام، 2 خواتین گرفتار

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور پولیس نے کوئٹہ سے اغوا کرکے افغانستان لے جائی جانے والی ایک بچی کو بازیاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی اغوا کار گروہ کی 2 خواتین ارکان کو گرفتار کرلیا۔

پشاور پولیس کے ترجمان کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی خصوصی ٹیم نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ بروقت کارروائی کے دوران کوئٹہ سے اغوا ہونے والی بچی کو افغانستان منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے بچی کو بحفاظت بازیاب کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران اغوا کار گروہ سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا جو افغانستان کی رہائشی ہیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ خواتین کوئٹہ سے بچی طفلکہ زویہ دختر تاج محمد کو اغوا کرنے کے بعد براستہ پشاور افغانستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اس حوالے سے ایف آئی آر کوئٹہ کی ویمن پولیس اسٹیشن میں  27 اگست درج ہوئی تھی جبکہ پشاور پولیس کو بچی کی پشاور کے راستے افغانستان منتقلی کی اطلاع ملی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرکے بچی کو بحفاظت بازیاب کیا اور دونوں خواتین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ خواتین سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ بازیاب بچی خیریت سے تھی جسے ابتدائی طبی معائنے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا جو بچی کو لینے کوئٹہ سے پشاور پہنچ گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp