ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، قومی ٹیم نے 194 رنز کا ہدف 39.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی بیٹنگ
قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 78 اور محمد رضوان 63 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، اس کے علاوہ فخر زمان نے 20، بابر اعظم 17 اور آغا سلمان نے 12 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، شریف الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے 193 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز ہی کچھ اچھا نہ ہو سکا، بنگلہ دیشی اوپنر مہدی حسن نسیم شاہ کی پہلی ہی بال پر آؤٹ ہو گئے۔
صفر پر کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے اوپنرز پریشر میں آ گئے اور یوں 47 رنز پر ان کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد بیٹنگ کچھ دیر کے لیے سنبھلی اور 100 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔
مزید پڑھیں
47 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 147 رنز پر گری اور اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور یوں پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے مشفیق الرحیم نے 64 اور شکیب الحسن نے 53 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ محمد نعیم 20، شمیم حسین 16، لٹن داس 16 اور عفیف حسین 12 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی، افتخار احمد اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ایشیا کپ سُپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس اہم میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف آج کے میچ میں فخرزمان، شاداب خان، امام الحق، سلمان آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے، ٹیم کی قیادت بابر اعظم نے کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ کنڈیشن کو استعمال کرنے کی کوشش کریں گے اور جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔