پاکستان کا سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، سکھ یاتریوں کے لیے حکومت پاکستان مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب گورودوارہ جنم استھان آمد کے موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ عطا الرحمان اور چیئرمین پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہاکہ پاکستان میں عبادت گاہوں کی زیارت کے لیے سکھوں کو خصوصی طور پر 3 ہزار ویزے دیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو سکھ بھائی اس سے مطمئن رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں جتنا مسلمانوں کا وزیر ہوں اتنا ہی تمام اقلیتوں کا بھی وزیر مذہبی امور ہوں، ہم سکھ بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمارے سکھ بھائیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں ایک مرتبہ ضرور بابا گورونانک کی جائے پیدائش اور سمادھی کی زیارت کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت سے درخواست کریں گے کہ سکھوں کے 3 ہزار ویزوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہمارے سکھ بھائی اپنے بزرگوں کے مزارات کی زیارت کے لیے پاکستان آسکیں، اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے جہاں تک انتظامی امور کا تعلق ہے اس کے لیے ہم ہر سہولت دینے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

انیق احمد نے کہاکہ ہم سکھ بھائیوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔ ہم پاکستا ن میں رہنے والے مسلمان ہیں اور ہم اپنے عقیدے سے بہت محبت کرتے ہیں لیکن وہ لوگ جو مسلمان نہیں ہیں ان کو بھی ہم غیر نہیں سمجھتے، وہ بھی ہمارے ہیں چاہے وہ ہندو ہوں، عیسائی، سکھ یا ان کا کوئی بھی مذہب ہو وہ بحثیت پاکستانی ہمارے لیے ایک ہیں، مسلمان دین کے حوالے سے ہمارا بھائی ہوتا ہے جبکہ غیر مسلم انسانیت کے حوالے سے ہمارا ساتھی ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری، فیس اب آسان اقساط میں لینے پر غور

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے تمام اقلیتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو خوبصورت بنانا ہے اور اسے آگے لے کر جانا ہے۔

اس موقع پرسردار امیر سنگھ نے کہاکہ ہم وزیر مذہبی امور کو ننکانہ صاحب آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، وزیر مذہبی امور تمام اقلیتوں کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں، سکھوں کے لیے پاکستان کی دھرتی بہت مقدس ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں امن کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں، ہم پوری دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جتنا ہم پاکستان میں محفوظ ہیں اور اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کر رہے ہیں اتنا کسی اور ملک میں نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp