بھارت سے شکست کے بعد، پاکستان فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا کے شہر کولومبو میں ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو نہ صرف تاریخی شکست سے دو چار کیا بلکہ اس ہار کے بعد پاکستان ٹیم کی فائنل تک رسائی میں مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔

اب پاکستان کو فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف مخالف ٹیم کو شکست دینا ہوگی بلکہ یہ امید بھی باندھنا ہوگی کہ سپر 4 مرحلے کے میچز بارش کی زد میں نہ آجائیں۔

بھارت سے تاریخی شکست کے بعد ایونٹس  کے پوائنٹس ٹیبل کا نقشہ مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ بھارت اب سپر فور مرحلے کے پوائنٹس ٹیبل پر 2 پوائنٹس کے ساتھ نہ صرف سر فہرست ہے بلکہ بڑے مارجن سے بابرالیون کو زیر کرنے کی بدولت انڈیا کا نیٹ رن ریٹ چار سے بھی زائد ہے۔

دوسری جانب سری لنکا بھی 2 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستان کے بھی 2 پوائنٹس ہیں تاہم بڑے مارجن سے شکست نے مین ان گرین کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.8 کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کے 2 میچز ہارنے کے بعد فائنل تک رسائی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔ سری لنکا اور انڈیا نے 2 میچ جبکہ پاکستان نے ایک میچ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے۔

سری لنکا کے دونوں میچز اگر بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوتے ہیں تو پاکستان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

سری لنکا اگر انڈیا کو شکست دے اور پاکستان سری لنکا کے میچ میں بارش ہو جائے اور انڈیا بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیت جائے تو تب بھی پاکستان کی ٹیم باہر ہوجائے گی یا انڈیا کو شکست  دینے کے بعد سری لنکا پاکستان سے ہار بھی جائے تو انڈیا بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر جائے گا کیونکہ فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا اور ایسی صورت میں پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔

یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے شائقین کرکٹ انڈیا کی جیت کے لیے پر امید ہوں گے کیونکہ اگر انڈیا سری لنکا کو شکست دیتا ہے تو وہ فائنل تک رسائی حاصل کر لے گا اور پاکستان کو فائنل تک پہنچنے کے لیے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنا ہوگا۔

اگر انڈیا سری لنکا کو شکست دے بھی دے اور سری لنکا پاکستان کے میچ میں بارش ہو جائے تو فیصلہ ایک بار پھر نیٹ رن ریٹ پر کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp