نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ متنازع کیوں؟

جمعہ 15 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے لیے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد اتوار 10ستمبر کو ایک ہی دن ہوا، جس دوران خیبر پختونخوا اور سندھ میں نقل کرنے کی کوشش میں امیدواروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

خیبر پختونخوا اور سندھ میں نقل کی کوششوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد والدین نتائج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جس سے اب ’ایم ڈی کیٹ‘ کے نتائج متنازع بن گئے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کے نتائج روک دیے جبکہ سندھ میں بھی انکوئری تک نتائج کا اعلان روک دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں جدید آلات سے نقل کی کوشش

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے ’ایم ڈی کیٹ‘ ٹیسٹ میں نقل کرنے اور کرانے کی منظم کوششوں کو بے نقاب کیا گیا ۔ جس میں 219 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور پھر انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے کارروائی کے دوران بلیو ٹوتھ ڈیوائس اور دیگر آلات سے نقل کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا اور پھر ان کا ٹیسٹ بھی کیسنل کر دیا گیا۔

منظم گروہ نقل کرانے میں ملوث

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک گروہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز سے طلباء کو ٹیسٹ میں مدد کرے گا اور ڈیوائس سے امیدواروں نے امتحانی ہالز سے پرچہ آؤٹ کر کے حل کرانا تھا ۔ ’ایٹا‘ حکام نے اس اطلاع پر بروقت کارروائی کی اور درجنوں طلباء و طالبات کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

گرفتار امیدواروں کو پولیس کے حوالے کیا گیا جو ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرے گی۔

پہلے 110 امیدواروں نے 190 سے زیادہ نمبر لیے

’ایم ڈی کیٹ‘ نتائج کے مطابق رواں سال امیدواوں نے زیادہ نمبرز لیے ہیں جس پر والدین کو شدید تحفظات ہیں۔ ناکام امیدواروں کے والدین کے مطابق گزشتہ سال صرف 3 طلبا نے 190 سے زیادہ نمبرز حاصل کیے تھے۔

جب کہ رواں سال کے نتائج کو نقل زدہ قرار دیا گیا ہے۔ والدین کے مطابق بڑے پیمانے میں گرفتاریاں اور معمول سے زیادہ نمبرز نے نتائج کو متنازع بنا دیا ہے۔ جس پر وہ دوبارہ ٹیسٹ اور مکمل انکوئری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی ) کا اجلاس

صدر ’پی ایم ڈی سی‘ کی صدرات میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے بعد نتائج کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صوبائی میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بھی شرکت کی۔

کے پی نقل کی کوشش پر 219 امیدوار گرفتار

وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے اجلاس کو بتایا کہ کے پی میں 45640 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ جبکہ 799 امیدوار غیر حاضر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحان کے دوران 219 طلباء کو غیر قانونی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریکٹس میں ملوث تمام امیدواروں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں انٹیلی جنس ایجنسیوں نے دھوکہ دہی کے لیے آلے کے استعمال سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ لہٰذا، تمام امیدواروں کو تمام مراکز میں چار پرتوں والی سیکیورٹی چیکس مشین اور باڈی سرچ کے ساتھ مناسب طریقے سے چیک کیا گیا۔

سندھ میں پیپر لیک کی تحقیقات شروع، نتائج کا اعلان روک دیا گیا

’پی ایم ڈی سی‘ اجلاس میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ صوبہ سندھ سے کل 40528 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 98 فیصد امیدوار 4 شہروں میں امتحان میں شریک ہوئے۔

رازداری کے مقصد کے لیے، ٹی سی ایس کو خفیہ امتحانی مواد کو مقامات پر منتقل کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نقل کی کوشش پر 3 مراکز میں کارروائیاں ہوئیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانی جوابی پیپر اپ لوڈ کرنے کے 4 گھنٹے بعد بتایا کہ اسے پیپر لیک ہونے کی تصویریں اور شکایات موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے، سائبر کرائم کے ارکان سمیت شکایات کی تحقیقات کے لیے سینیئر حکام پر مشتمل 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 48 گھنٹوں میں رپورٹ اور نتائج پیش کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکوائری تک نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوگی۔

بلوچستان اور پنجاب میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی

وائس چانسلر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ 9234 طلبہ رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 97 فیصد امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ امتحان کے دوران کوئی مسئلہ یا شکایت نہیں ملی۔ صوبائی وزیر، حاضر سروس ججز، وکلاء اور دیگر حکام کو بھی امتحان کی نگرانی کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ طلباء نے امتحان کے انعقاد اور اس سے متعلق ضروری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبے کے 11 مختلف شہروں اور 29 مراکز میں بغیر کسی مسئلے کے کامیابی سے منعقد ہوا۔ 66725 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 65226 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔

انہوں نے میٹنگ میں بتایا کہ امتحان کے انعقاد کے بعد ماہرین کی ایک ٹیم کو پیپر کا تجزیہ کرنے کے لیے بلایا گیا تاکہ جانچ پڑتال کی جا سکے کہ آیا پیپر پی ایم اینڈ ڈی سی کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق تھا یا نہیں، جائزہ کے بعد معلوم ہوا کہ کل 5 سوالات کو حذف کر دیا گیا اور مکمل کریڈٹ تمام امیدواروں کو دیا جائے گا۔

نگران وزیر کا ایم ڈی کیٹ پر اطمینان کا اظہار

نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ندیم جان نے صوبائی وزراء صحت اور صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کے ساتھ میٹنگ کی انہوں نے ’ایم ڈی کیٹ‘ امتحان کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ تمام شکایات کا ازالہ کیا جائے۔

مزید، انہوں نے مشورہ دیا کہ مستقبل کے ’ ایم ڈی کیٹ ‘کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ایک طریقہ کار شامل کرنا چاہیے تاکہ اسے ہر طرح سے شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے اور میرٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جا سکے۔

پاکستان کے 31 شہروں میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ امیدواروں نے ٹیسٹ دیا

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق ملک میں ایک ہی وقت میں ایم ڈی کیٹ امتحان 2023 کا انعقاد ہوا۔ جو ملک بھر کے 31 شہروں میں بیک وقت لیا گیا۔ جس میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں 66875 امیدوار، سندھ میں 40528، خیبر پختون خوا میں 46439، بلوچستان میں 9230، گلگت میں 926، آزاد کشمیر میں 4036 اور اسلام آباد میں 12118 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ امتحان دیا۔

کے پی میں 46 ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا

خیبر پختونخوا  میں مجموعی طور پر 46 ہزار سے زیادہ امیدواروں نےٹیسٹ میں حصہ لیا۔جس کے لیے صوبے بھر میں 44 سینٹرز قائم کیے گئے تھے۔ جبکہ پشاور میں 22 امتحانی سینٹرز پشاور میں قائم تھے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق کے پی میں مجموعی طور ٹیسٹ کا انعقاد پر امن ماحول میں ہوا۔ اور مراکز میں تمام تر انتظامات کے گئے تھے۔ جبکہ کسی کو بھی نقل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بین الاقوامی سینٹرز

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے بین الاقوامی سینٹرز میں 382 طلبا نے ایم ڈی کیٹ امتحان دیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں بھی ایم ڈی کیٹ کا امتحان لیا گیا جس میں دبئی میں 185 امیدوار جبکہ سعودی عرب میں 197 امیدواروں نے حصہ لیا تھا

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp