ارشاد بی انجم ڈش واشر سے کمپنی کے سی ای او کیسے بنے؟

پیر 18 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ارشاد بی انجم اس وقت لاہور کے فلیٹز ہوٹل اینڈ کمپنیز کے ’سی ای او‘ ہیں۔ 70 کی دہائی میں ارشاد بی انجم نے پی سی ہوٹل لاہور سے بحیثیت ویٹر نوکری کا آغاز کیا۔

’وی نیوز‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ارشاد بی انجم نے بتایا کہ وہ پی سی ہوٹل کراچی میں بطور ویٹر 8 ماہ کام کرتے رہے اور اس کے بعد ان کو جرمنی جانے کا چانس مل گیا۔

ارشاد بی انجم نے کہاکہ میں جرمنی چلا گیا اور وہاں جا کر یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا اور تعلیم کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے نوکری کی تلاش شروع کی تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ مجھے جرمن زبان نہیں آتی تھی، اور بالآخر ایک ہوٹل میں برتن دھونے کی نوکری مل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ میں صبح کے وقت یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جاتا تھا اور یونیورسٹی سے واپسی پر ہوٹل میں برتن دھوتا تھا۔ بطور ڈش واشر میں نے کچھ عرصہ کام کیا اور پھر اپنی ڈگری مکمل کر کے امریکا چلا گیا، وہاں بھی شروع میں مجھے ویٹر کی نوکری ملی، میں نے کافی عرصہ تک وہیں پر کام کیا۔ ’امریکا میں ایک فائدہ تھا کہ ٹپ اچھی مل جاتی تھی جس سے گزارا ہو جاتا تھا‘۔

ارشاد بی انجم نے کہاکہ ویٹر کی نوکری کے بعد مجھے امریکا میں ہی ایک نئی جگہ نوکری مل گئی جو ہوٹل پر ہی تھی مگر یہ مینجمنٹ کے شعبہ میں تھی۔ پھر ایک دن میں ترقی کرکے ایک ہوٹل کا منیجر بن گیا اور یوں میرا ترقی کی طرف سفر ہوگیا۔

انہوں نےکہاکہ میں نے ہوٹلنگ سے متعلق ڈپلومے بھی کیے ہیں۔ میں امریکا میں ایک ہوٹل کا ڈائریکٹر food and beverage لگ گیا۔ 1985 میں ایک اخبار میں میرے حوالے آرٹیکل چھپا جس کے بعد مجھے پرل کا نٹیننٹل (پی سی) ہوٹل سے دوبارہ جاب کی آفر ہوئی۔ میں جب پاکستان آتا تھا تو میں اپنی والدہ کو بتاتا تھا کہ میں ایک ہوٹل کا ڈائریکٹر ہوں تو ان سمیت سب ہی یہ سمجھتے تھے کہ ’ویٹر شیٹر‘ ہوگا۔ میرے والد نے کہا تم افسر ہوگے مگر جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا۔ یہ بات میرے دل میں بیٹھ گئی اور میں 1988 میں سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آگیا۔

جس ہوٹل پر میں 125 روپے ماہانہ کا ملازم تھا وہاں کا اسسٹنٹ منیجر بن گیا

ارشاد بی انجم اپنے ماضی کی داستان سناتے سناتے آبدیدہ ہو گئے، وہ بولے کہ پاکستان واپسی کے بعد میں نے پی سی ہوٹل کراچی میں بھی کام کیا، پھر مجھے اسسٹنٹ منیجر بنا کر پی سی ہوٹل لاہور بھیج دیا گیا۔ میں جب ہوٹل گیا تو مجھے وہی کمرہ دیا گیا جہاں میں نے گورے منیجر کو بطور ویٹر انٹرویو دیا تھا۔

ارشاد بی انجم نے نم آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ بطور ویٹر میں 125 روپے ماہانہ تنخواہ لیتا تھا، 10 گھنٹے کام کرتا تھا، کبھی کبھی 12 گھنٹے بھی کرنا پڑتا تھا لیکن اب میں اسی ہوٹل کا اسسٹنٹ منیجر بن گیا تھا، اس طرح ترقی ہوتی گئی اور کچھ عرصے بعد میں پی سی ہوٹل لاہور کا جنرل منیجر بن گیا ،مجھے رہائش کے لیے وہ ہی کمرہ مل گیا جہاں پرشیخ زاید بن سلطان 1973 میں ٹھہرے تھے۔

جس روم میں سروس دی تھی اب وہ میری رہائش گاہ بن چکی تھی

ارشاد بی انجم نے بتایا کہ 1973 میں لاہور میں اسلامک کانفرنس ہوئی تھی تو وہ بطور ویٹر پی سی ہوٹل میں تھے، شیخ زاید بن سلطان کمرہ نمبر 501 میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں ان کے کمرے میں سروس دینے کے لیے جاتا تھا۔ کبھی پانی، کبھی چائے اور کھانا میں ان کے کمرے میں دیتا تھا، اور آج 18 سال بعد مجھے وہ کمرہ بطور جنرل منیجر رہنے کے لیے دیا گیا ہے۔ ’125 روپے ماہانہ تنخواہ سے لے کر لاکھوں روپے کمانا میرے لیے اعزاز کی بات تھی‘۔

اداکارہ میرا کے پیش آنے والا ساتھ دلچسپ واقعہ

ارشاد بی انجم نے اداکارہ میرا کے حوالے سے کچھ واقعات بتائے اور وہ اس دوران قہقے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔

ارشاد بی انجم نے بتایا کہ ایک روز اداکارہ میرا ان کے پاس ہوٹل میں آئیں اور اپنی بہن کی شادی کے حوالے سے وینیو کا جائزہ لیتے ہوئے کہنے لگیں کہ ارشاد صاحب خیال رکھیے گا کہ فائر بریگیڈ ضرور آئے، کہنے لگے میں نے حیرانی سے پوچھا میرا جی! شادی میں فائر بریگیڈ کا کیا کام، تو میرا نے کہا وہ جو آتش بازی وغیرہ کرتے ہیں۔

ارشاد کہتے ہیں کہ میرا کی اس بات پر میں نے ان کو سمجھایا کہ وہ فائر بریگیڈ نہیں ہوتا فائر ورکس ہوتا ہے جس پر وہ ہنسنے لگ گئی۔

ایک اور واقعہ سناتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں جہاز میں سفر کر رہا تھا تو میرا بھی اسی جہاز میں تھیں۔ اور نزلے سے دوچار تھیں۔ ایئر ہوسٹس نے آکر اداکارہ میرا سے پوچھا Are you suffering from Fever? تو جواب میں میرا کہنے لگیں کہ نہیں I am suffering from Karachi to Lahore. ان کا کہنا تھا کہ اور بہت سے واقعات ہیں لیکن اگر زیادہ بولا تو میرا ناراض ہو جائے گی۔ (اور لمبا قہقہ لگا دیا)َ

جب گوجرانولہ اور سیالکوٹ کے لوگوں کا فنکشن ہو تب کھانا زیادہ تیار کروانا پڑتا ہے

اپنے کام اور تجربے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ارشاد بی انجم کہنے لگے کہ مجھے اچھے سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات سے آنے والے لوگ کھانا زیادہ کھاتے ہیں تو ان شہروں کی بکنگ ہوتے ہی شیف کو کہہ دیتا ہوں کہ تگڑے ہو جاؤ زیادہ کھانے والے آر ہے ہیں کھانا کم نہیں پڑنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عموماً لوگ اتنا کھانا نہیں کھاتے جتنا پنجاب کے لوگ کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں فیلڈ میں رہنا پسند کرتا ہوں اور اپنے اسٹاف کا خاص خیال بھی رکھتا ہوں۔ میرے میں ایک ہنر ہے اور وہ یہ کہ میں جانتا ہوں کہ نکموں سے کام کیسے لینا ہے اس لیے میں لوگوں سے اچھا کام کروا لیتا ہوں۔

مستند خبروں، ویڈیوز اور تجزیوں کے لیے وی نیوز کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp