کے الیکٹرک کی بجلی چوری کرکے ایک ہزار گھروں کو فروخت کرنے والا گینگ پکڑا گیا

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں کے الیکٹرک کی بجلی چوری کرکے ایک ہزار گھروں کو کنکشن فروخت کرنے والا گینگ پکڑا گیا، کے الیکٹر کی بجلی چوری کرنے والے گینگ کے سرغنہ فرخ گھانچی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

کے الیکٹرک ریکوری آفیسر محمد ظہیر الدین کے مطابق ملزم کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن کے پلاٹ نمبر 1090 سیکٹر بی 31 کی بجلی چوری کرکے ایک ہزار فلیٹوں اور گھروں میں فروخت کر رہا تھا۔

ریکوری آفیسر کے مطابق ملزم نے اس کام کے لیے ایک بڑا نیٹ ورک بنایا ہوا تھا، اور 35, 35 ہزار روپے ماہانہ پر ملازمین بھی اس کام کے لیے رکھے گئے تھے۔ اس نیٹ ورک کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس کے ہمراہ 13 ستمبر 2023 کو مذکورہ جگہ پر چھاپہ مار کر بجلی چوری مافیا کے سرغنہ فرخ گھانچی کو گرفتار کروایا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے بڑے پیمانے پر کے الیکٹرک کی بجلی چوری کرکے اللہ والا ٹاؤن کے گھروں کو فراہم کی ہے۔

مقدمہ میں ملزم عدالت سے ضمانے لے چکا ہے ملزم کے  وکیل لیاقت گبول ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ ملزم علاقے کا سوشل ورکر ہے اور اسکے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف کے الیکٹرک کے ریکوری آفیسر نے تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج کیا ہے۔

کراچی میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون

کراچی میں بجلی کی چوری اور نادہندگان کے خلاف  کریک ڈاؤن جاری ہے، اس وقت تک بجلی چوری کے خلاف شہر بھر کے تھانوں میں 550 ایف آئی آر کا اندراج  ہو چکا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 82 لاکھ  یونٹس کی چوری کی گئی، چوری کی جانے والی بجلی کی مالیت 41 کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔ بجلی چوری کے 20 ایسے بڑے کیس بھی ہیں جہنوں نے بجلی کے 32 لاکھ یونٹس  چوری کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کچھ عرصہ پہلے ہی حب میں غیر قانونی نیٹ ورک آپریٹر کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔ یہ نیٹ ورک حب میں 150 دکانوں کو غیر قانونی بجلی فراہم کر رہا تھا۔

 ان کے مطابق ناظم آباد میں 5 غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر کے الیکٹرک، کے ڈبلیو ایس بی اور پاکستان رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے بجلی کی ساڑھے تین لاکھ یونٹس کی چوری کرنے والے پانچوں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp