40 سال انتظار کیا، اب یورپی یونین سےکوئی توقع نہیں، اردوان

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ 40 سال تک یورپی یونین کے جواب کا انتظار کیا مگر اب ترکیہ کو یورپی یونین سے مزید کوئی توقع نہیں ہے۔

ترک پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا، ’ہم نے یورپی یونین سے کیے ہر وعدہ نبھایا مگر انہوں نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، ہم اب اس بلاک کا حصہ بننے کے لیے نئے مطالبات اور شرائط تسلیم نہیں کریں گے‘۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اپنی غلطیاں خصوصاً ویزہ معاملات میں غلطیاں درست نہیں کرتا تو یورپی یونین بھی ہم سے کسی بھی قسم کی توقع نہ رکھے۔

صدر اردوان کے لہجے میں اس سختی کی وجہ جمعرات کو انسانی حقوق کی یورپی عدالت کا فیصلہ ہے جس میں ایک استاد کو سزا سنانے پر ترکیہ کی مذمت کی گئی تھی، اس استاد پر الزام تھا کہ اس نے 2016ء میں ترک حکومت کا تختہ الٹنے کے منصوبہ سازوں کے زیر استعمال ایک میسجنگ ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کی تھی۔

انقرہ میں دہشت گردی واقعے سے متعلق صدر ردوان نے کہا کہ آج دہشت گرد اپنے عزائم میں ناکام ہوئے ہیں، ترکیہ کی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں دہشت گردی کی یہ آخری لہر ہے، ترکیہ دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھےگا اور دہشت گردوں کو اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

صدر اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئے پارلیمانی اجلاس کے لیے نیا آئین ترجیح ہے، ترکیہ مہنگائی کے خلاف کوششیں جاری رکھےگا، ترکیہ اب وہ ملک نہیں جہاں جمہوریت کے خلاف بغاوت کی جائے۔

مزید پڑھیں

واضح رہے کہ آج ترک پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پرترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ا جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کی عمارت کے سامنے خود کش دھماکا ہوا تھا دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔

وزیر داخلہ علی پرلیلکایا کے مطابق کار سوار 2 دہشتگردوں نے وزارت داخلہ کے دروازے سے گاڑی ٹکرائی جس کے نتیجے میں آگ لگی اور ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ دوسرے دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے دہشتگرد کے پاس موجود دھماکہ خیز مواد قابو کرکے غیر مؤثر بنا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp