کرکٹ ورلڈ کپ 2023: بھارت کے اہم کھلاڑی شبمن گل ڈینگی کا شکار ہو گئے

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران بھارت کے اہم اوپننگ بیٹر اور ون ڈے کرکٹ کے دوسرے بہترین بلے باز شبمن گل ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔

کرک انفو کے مطابق بھارت کے پہلے ورلڈ کپ میچ میں شبمن گل کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے، کیونکہ وہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں اور بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ اتوار کے دن 8 اکتوبر کو ہونا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شبمن گل کی ڈینگی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے۔ اور ڈینگی سے ریکور ہونے میں تقریباً 7 دن کا وقت لگ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے باعث شبمن گل چنائی میں کھیلے جانے والے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے، اور یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر بروقت ریکوری نہ ہوسکی تو شبمن گل کے احمد آباد میں 15 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف میچ میں بھی شرکت کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

شبمن گل کے ٹیم میں نا ہونے کے باعث بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے، کیونکہ وہ بھارت کے بہترین اوپننگ بیٹسمین ہیں اور ون ڈے کرکٹ کے دوسرے بہترین بلے باز بھی ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق شبمن گل موسم کی زد میں آئے ہیں، میڈیکل ٹیم ان کی بھرپور دیکھ بھال کر رہی ہے، امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں گے اور دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے شبمن گل اس وقت بھارت کی جانب سے لیڈنگ رنز اسکورر ہیں اور بھرپور فارم میں بھی ہیں۔ حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ اگر شمبن گل اتوار تک صحت یاب نہ ہوسکے تو ایشان کشن انکی جگہ پلیئنگ الیون کا حصہ بن جائیں گے۔ ایشان کشن بھی اس وقت بھارت کی جانب سے اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، اور وہ ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف جارحانہ 82 رنز کی اننگ کھیل چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp