عوام منافع کے لالچ میں جعلی اسکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں، حکومت کا انتباہ

اتوار 8 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے اشتہارات دیکھنے کے بدلے منافع کا جھوٹا دعویٰ کرنے والی ایک کمپنی کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے اورعوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر حقیقی منافع کے لالچ میں جعلی اسکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے بذریعہ نوٹس عوام الناس کو ایک بار پھر آن لائن اور دیگر ذرائع سے مارکیٹنگ کی جانے والی سرمایہ کاری اور منافع کی غیر قانونی اسکیموں بارے خبردار کیا ہے کہ وہ زیادہ اور غیر حقیقی منافع کے لالچ میں اپنی جمع پونچی اور قیمتی سرمایہ سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ ایس ای سی پی نے ایسی ایک اور کمپنی ’میلیورٹیک‘ کی نشاندہی کی ہے جو کہ ذیشان منیر نامی شخص کی ملکیت ہے۔

مذکورہ کمپنی عوام کو آن لائن اشتہارات کو دیکھنے کے مختلف پیکجز کے نام پر آمدنی اور منافع کا لالچ دے کر لوٹ رہی ہے۔ ایس ای سی پی نے ’ میلیورٹیک ‘ اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے تاہم عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ اس کمپنی کے پاس سرمایہ کاری کی اسکیمیں آفر کرنے کا کوئی لائسنس نہیں ہے۔

ایس ای سی پی کو ایسی شکایات موصول ہوئیں ہیں کہ یہ کمپنی اور اس کے مالک ذیشان منیر آن لائن اشتہارات کو دیکھنے ( کلک کرنے) کے مختلف پیکجز فروخت کرتے ہیں جبکہ اس سے صارف کو کسی قسم کی آمدنی یا منافع نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کمپنی کی جانب سے کسی قسم کی ادائیگی کی جاتی ہے۔

صارفین کی جانب سے شکایات کی صورت میں انہیں کمپنی کے لئے مزید ممبرز بنانے کا کہا جاتا ہے اور ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے مزید پیکجز خریدنے کا کہا جاتا ہے۔ ذیشان منیر کے خلاف جعلی اسکیمیں چلانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ای سی پی نے کمپنی کو بند کرنے، جرمانے عائد کرنے ، آئندہ کسی کمپنی میں ڈائریکٹر بننے پر پابندی عائد کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ذیشان منیر اور دیگر فراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں ، فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا ریفرنس بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔’ میلیورٹیک ‘ نام کی کمپنی مارکیٹنگ کرنے کے لئے مندرجہ ذیل ویب اور سوشل میڈیا استعمال کئے جا رہے ہیں۔

:ویب سائٹ

 http://www.meilleuretechpk.com/?

fbclid=IwAR0tsavWVTJzFiKrAT1yKJ9yDmggPH_VdcOcDEiQvnt5viiqBDwMPPsbdaA

:فیس بک

 : https://www.facebook.com/profile.php?id=100092291767737

ایس ای سی پی نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ ذیشان منیر اور ’میلیورٹیک‘ کے نام سے چلنے والی کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری اسکیموں اور انٹر نیٹ پیکجز میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور اپنے قیمتی سرمایہ کوجھوٹے منافع کے لالچ میں ضائع نہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp