پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات سے پوری دنیا واقف ہے اور ہمارے دلوں میں پاکستان کے لیےخاص جگہ ہے۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین اور سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ’پاک سعودی بھائی بھائی، پاک سعودی دوستی زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
سعودی سفیر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سپورٹس گالا کی رنگا رنگ اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے تھے۔
انہوں نے کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد اور غیر ملکی طلبا کی بھرپور شرکت پر صدر جامعہ اور یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں ٹیکنالوجی نے نوجوانوں کو کھیلوں سے دور کر دیا ہے لیکن اس اسلامی یونیورسٹی میں ایسی بہترین سرگرمی کا انعقاد قابل تعریف ہے۔
بعدازاں سفیر نواف بن سعید المالکی نے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کے ہمراہ یونیورسٹی کی نو تشکیل کردہ فوڈ سٹریٹ اور سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔