پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری نجم سیٹھی پر ڈال دی ہے۔
ایک انٹرویو میں ذکا اشرف نے کہاکہ پی سی بی کے سابق چیئرمین نے کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کے لیے این او سی جاری کیے تھے، اسی وجہ سے ایشیا کپ کے بعد اب ورلڈ کپ میں بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی نظر نہیں آئی۔
انہوں نے کہاکہ جونہی کرکٹ ورلڈ کپ آیا تو معلوم ہوا کہ کھلاڑی تو فٹنس مسائل کا شکار ہیں، اسی وجہ سے فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی ورلڈ کپ کے لیے جانے والے اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں
ذکا اشرف نے کہاکہ ہمارے کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی نہیں جبکہ عین ورلڈ کپ کے موقع پر 4 سے 5 کو فٹنس کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ میرا بھارت جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، پھر سب کی جانب سے کہا گیا کہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے آپ کو وہاں موجود ہونا چاہیے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم کے 4 میچ ہارنے پر مجھے بہت دکھ ہے، یہ بھی دیکھیں کہ انگلینڈ کی پرفارمنس بھی اچھی نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں قومی کرکٹ ٹیم میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پی سی بی
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اس وقت وقت بھارت میں موجود ہے، قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے 6 میچوں میں حصہ لیا جن میں سے 4 میچوں میں شکست ہوئی جبکہ 2 میں جیت اپنے نام کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار افغانستان کی ٹیم نے بھی شکست دے کر اپ سیٹ کیا ہے، اس کے علاوہ انڈیا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ نے شکست دی ہے جبکہ نیندر لینڈ اور سری لنکا سے ہونے والے میچز میں جیت پاکستان کے نام رہی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شائقین کرکٹ مایوس ہیں اور اس کا ذمہ دار کپتان بابر اعظم سمیت چیف سلیکٹر اور دیگر مینجمنٹ کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔