پی سی بی کی سربراہی: ذکا اشرف کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع

ہفتہ 4 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کردی ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں توسیع کی منظوری وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے۔

وزیراعظم نے سرکولیشن سمری کے ذریعے ذکا اشرف کی سربراہی میں بننے والی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔

سمری میں مدت میں 3 ماہ کی توسیع کے ساتھ ساتھ اختیارات کو محدود کرنے کا بھی ذکر موجود ہے۔ ‏مینجمنٹ کمیٹی کو کسی قسم کا کوئی پالیسی فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہوگا جبکہ اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کی مجاز بھی نہیں ہوگی۔

نوٹفیکیشن کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو مشروط توسیع دی گئی ہے جس میں بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اور چیئرمین کے انتخابات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ روز مرہ کے امور نمٹانے کا اختیار ہوگا جبکہ کمیٹی کو 3 ماہ کے بعد مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ذکا اشرف کی سربراہی میں بننے والی پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی پر بورڈ میں بھرتیوں کے الزامات ہیں جبکہ مینجمنٹ کمیٹی کو چئیرمین کے انتخابات کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 4 جولائی کو ذکا اشرف کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری دی تھی۔ مینجمنٹ کمیٹی کو 4 ماہ کی مدت کے دوران چئیرمین پی سی بی کے انتخابات کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

ذکا اشرف کی سربراہی میں بننے والی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 4 نومبر کو ختم ہو رہی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp