آخر کار 2023 وہ سال ثابت ہوا جس کا پاکستانیوں کو بیتابی سے انتظار تھا۔ خاص طور پہ وہ لوگ جو پاکستانی ڈراموں کے مداح ہیں اور کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں۔ 2023 میں کچھ ایسے ڈرامے نشر ہوئے ہیں، جن کو دیکھ کے لگتا ہے کہ اب ڈرامہ انڈسٹری ساس بہو اور میاں بیوی کے جھگڑوں سے آگے نکل گئی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں اب کن موضوعات پر بات ہوتی ہے؟
1۔ بااختیار خواتین کے کردار
پاکستان ڈراموں موضوعات کی بات کی جائے تو پہلے اکثر ایسی خواتین دکھائی جاتی تھیں جنہیں شوہر یا سسرال کے ہاتھوں کوئی نہ کوئی ظلم سہنا پڑتا تھا یا ان سے جڑے بہت سے مسئلے سامنے آتے تھے، جس سے لگتا تھا کہ پاکستان میں رہنے والی گھریلو عورتوں کو صرف ظلم اور بربریت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تاہم اب وقت بدل گیا ہے، لوگوں کی سوچ بھی بدل گئی ہے۔ اسی لیے اب پاکستانی ڈراموں کا انداز بھی بدل گیا ہے۔ اب پاکستانی ڈراموں میں عورتوں کو ایک بااختیار روپ میں دکھایا جاتا ہے کہ حق اور اصول کے لیے کھڑے ہونے سے عورتیں نہیں ڈرتیں، چاہے وہ ’رضیہ‘ ڈرامے کی رضیہ ہو، یا ’نیم‘ ڈرامے کی زیمل۔ ان ڈراموں سے دیکھنے والوں کو اچھا پیغام جا رہا ہے۔ اس کے برعکس کہ صرف ساس بہو کے جھگڑے، یا ’بیچاری عورت‘ والا روپ دکھایا جائے۔
2۔ غیر روایتی مرد کردار
پاکستان ڈراموں کا یہ بھی المیہ رہا ہے کہ ہمیشہ سے مردوں کو ایک امیر باپ کا بگڑا ہوا بیٹا بنا کے پیش کیا جاتا رہا ہے، جو کسی کی عزت نہیں کرتا۔ لیکن اب ٹرینڈز بدل گئے ہیں۔ اب مردوں کو کافی مؤثر طریقوں سے مثبت کردار میں پیش کیے جاتا ہے، مردوں کو نسبتاً نرم مزاج اور ایک احترام کرنے والا شخص دکھایا جاتا ہے۔
3۔غیر روایتی رومانوی ڈرامے
’محبت گمشدہ میری‘، ’کابلی پلاؤ‘، اور’تنکے کا سہارا‘ ان چند ڈراموں میں سے ہیں جن میں ایک مختلف انداز میں رومانوی کہانیاں بیان کی گئی ہیں، یہ وہی ڈرامے ہیں جن میں بہت سی نئی چیزیں بھی سامنے آئی ہیں، اہم ترین بات یہ ہے کہ یہ نئے ٹرینڈز اب پاکستانی ڈراموں کا حصہ آہستہ آہستہ بن رہے ہیں۔
4۔ پولیس افسران کے کردار کو نئے انداز میں پیش کرنا
اب تک ہم نے دیکھا کہ ایک ہی طریقے سے پاکستانی ڈراموں میں پولیس افسران کو پیش کیا جاتا ہے۔’جھوک سرکار‘، ’پنجرہ‘، ’تنکے کا سہارا‘، اور ’گناہ‘ جیسے ڈراموں میں پولیس افسر کا ہی ایسا کردار تھا جس نے پورے ڈرامے کو چار چاند لگا دیے، ان ڈراموں کے ذریعے پولیس کے پیشے پر نئے زاویے سے روشنی ڈالی گئی۔
5۔ بچوں سے متعلق کہانیاں
پاکستانی ڈراموں میں ذہنی بیماریوں اور خاص طور پر بچوں کے کردار نہ ہونے کے برابر ہیں۔ لیکن اب یہ ٹرینڈ بدلتا ہوا نظر آرہا ہے۔’ دور‘ اور ’اپنے ہی تو ہیں‘ جیسے ڈراموں میں ہم نے دیکھا کہ کہانی کافی حد تک بچوں کے مسائل کے ارد گرد گھوم رہے ہیں، ابھی بھی پاکستانی ڈراموں بہتری کی ضرورت ہے لیکن یہ بات اچھی ہے کہ اس سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، آنے والے وقت میں پاکستانی ڈراموں میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی۔