جنرل راحیل نے نوازشریف سے کہا ایکسٹینشن دیدیں پھر پاناما جانے اور میں جانوں، عرفان صدیقی

ہفتہ 16 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نوازشریف آج بھی ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر قائم ہیں، وہ اگر ڈیل کرنے والے سیاستدان ہوتے تو انہیں 3 بار وزارت عظمیٰ سے نہ نکالا جاتا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوازشریف اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی میں کبھی پہل نہیں کرتے، جنرل راحیل شریف پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں چاہتے تھے اس کے علاوہ وہ ایکسٹینشن مانگ رہے تھے جس کی وجہ سے لڑائی بنی۔

’جنرل راحیل نے نوازشریف نے کہاکہ آپ ایکسٹینشن دے دیں، پھر پاناما جانے اور میں جانوں لیکن نوازشریف انکار ہو گئے اور پیغام بھیجا کہ ایکسٹینشن نہیں ملے گی پاناما میں بھگت لوں گا‘۔

انہوں نے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ میرا ہی تخلیق کردہ ہے، میں نے کسی محفل میں یہ بات کی اور پھر چل نکلی جسے پذیرائی ملی۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ ہر جمہوری ملک میں ووٹ کو عزت دی جاتی ہے، ہمارے ہاں اگر نہیں دی جاتی تو اس کے نتائج ہم بھگت رہے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کسی ادارے کے خلاف نہیں، نا ہی کسی کو یہ سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف اس مٹی سے بنے ہی نہیں ہیں جس میں ڈیل کا عنصر ہو۔ وہ جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن کے وقت ووٹ نہیں دینا چاہتے تھے مگر یہاں کی پارٹی نے ان کو راضی کیا۔

’ہم نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن کے لیے ووٹ نہیں دیا بلکہ اس قانون کے لیے ووٹ دیا جو ہمیشہ رہے گا، عمران خان جنرل باجوہ کو توسیع تو پہلے ہی دے چکے تھے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف جب لندن گئے تو عمران خان نے ان کی بیماری کا شوکت خانم کے ڈاکٹرز اور اپنی صوبائی وزیر سے کلیئر کیا۔

جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنوانے والوں میں سرفہرست تھا

عرفان صدیقی نے کہاکہ میں جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنوانے والوں میں سرفہرست تھا۔ چھٹی، ساتویں کلاس میں وہ میرے شاگرد رہے اور آرمی چیف بننے سے پہلے ان کے خیالات بہت مختلف تھے، باجوہ ڈاکٹرائن تو بعد میں بنی۔

انہوں نے کہاکہ میں نے نیک نیتی سے جنرل باجوہ کے لیے سفارش کی تھی، نوازشریف نے کوئی 4 سے 6 ماہ پہلے شکوہ بھی کیا تھا مگر کسی کی پیشانی پر تو کچھ بھی نہیں لکھا ہوتا کہ کیسا ہو گا۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ محاذ آرائی میں کبھی بھی پہل نہیں کرتے، ڈان لیکس ایک ایک ڈرامہ تھا جس کی بنیاد پر نوازشریف کو بدنام کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ڈان لیکس کی بنیاد پر ادارے کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ ہٹایا نہیں جا رہا تھا تو نوازشریف نے ایک سخت بیان جاری کرنے کا فیصلہ کیا مگر ہم نے وہ نہیں ہونے دیا۔

تعمیر وترقی مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ہوئی

عرفان صدیقی نے کہاکہ جس نوجوان کی عمر 20 سال ہے اس نے بھی 3 حکومتیں دیکھی ہوئی ہیں، اس سے پوچھ لیں کہ آصف زرداری، نوازشریف اور عمران خان کی اچھی چیزیں دکھائے۔

انہوں نے کہاکہ تعمیروترقی مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ہوئی، نوازشریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ عمران خان کو عدم اعتماد کے ذریعے اس لیے ہٹایا گیا کہ اگر وہ رہتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، شہبازشریف کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارٹی کی حد تک یہی سوچ ہے کہ نوازشریف ہی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ اس وقت نوازشریف کے علاوہ کوئی سیاستدان نہیں جو پاکستان کو بھنور سے نکال سکے۔

بلاول بھٹو 80 سال پرانی سیاست کر رہے ہیں

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو ٹیلنٹڈ نوجوان ہے مگر وہ 80 سال پرانی سیاست کر رہا ہے جبکہ آصف زرداری اور نوازشریف موجودہ حالات کی سیاست کر رہے ہیں اور وہ ایک دوسرے سے رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم عمران خان کے خلاف کسی کیس میں پٹیشنر نہیں ہیں، نا ہی ہم ان کے خلاف کوئی انتقام لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کا اسٹیلبشمنٹ کے ساتھ جب اعتماد کا رشتہ قائم ہو جائے گا تو پھر لڑائی نہیں بنے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp