نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطین کی انتہائی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نئے سال کے موقع پر تمام تقریبات کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
جمعرات کو اپنے خصوصی پیغام میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اعلان کیا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے موقع پر کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی ہو گی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کے آغاز پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2024 کی آمد ہے، میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ نئے سال کا سورج ہمارے وطن پاکستان اور پوری دنیا کے لیے خوشحالی اور امن و آشتی کا پیغام لے کر طلوع ہو۔
انہوں نے پیغام میں کہا کہ جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں خصوصاً معصوم بچوں کے قتل عام اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید دکھ، رنج اور غم میں ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی افواج کی جارحیت کے نتیجے میں 21 ہزار سے زیادہ نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایک بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے جو لگ بھگ 9 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی خون ریزی روکنے کے لیے پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اٹھاتا رہے گا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان کی 2 کھیپ بھجوا چکا ہے جبکہ تیسری کھیپ بھی جلد ہی روانہ کی جا رہی ہے، فلسطینی بھائیوں کی بروقت امداد، غزہ سے زخمیوں کے انخلاء اور ان کے علاج کے لیے حکومت پاکستان مصر اور اردن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے پیغام میں مزید کہا کہ فلسطین کی انتہائی تشویش ناک صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے اور اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی، اس موقع پر تمام پاکستانیوں سے بھی یہ گزارش ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کے آغاز پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے بھی نئے سال کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یو اے ای نے شارجہ میں سال نو کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی لگا دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شارجہ پولیس نے غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نئے سال کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتھارٹی نے تمام اداروں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔