ٹیکس چوری کی دلچسپ اسٹوری، ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شیوازنیگر جرمنی میں گرفتار

جمعرات 18 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف ہالی وڈ اداکار اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوازنیگر کو جرمنی میں مبینہ ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

جرمن میڈیا کے مطابق، ٹرمینیٹر ایکٹر آرنلڈ شیوازنیگر کو میونخ ایئر پورٹ پر روک کر ان کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایک قیمتی سوئس گھڑی برآمد ہوئی جس کی قیمت تقریباً 26 ہزار یورو بتائی جا رہی ہے۔ آرنلڈ نے جرمنی پہنچنے سے پہلے اپنے اثاثوں میں قیمتی گھڑی ظاہر نہیں کی تھی۔

میونخ میں کسٹمز آفس کے ایک ترجمان نے کہا کہ آرنلڈ نے یورپی یونین آنے سے قبل ایک ایسی پروڈکٹ اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کی جسے یورپی یونین کے باہر سے امپورٹ کیا گیا اور جو رجسٹرڈ نہیں ہے، اس قانون کا اطلاق سب پر ہوتا ہے، ٹیکس چھپانے پر آرنلڈ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

آرنلڈ شیوازنیگر نے ایئرپورٹ حکام کو بتایا کہ وہ آسٹریا میں ماحولیات سے متعلق منعقد ہونے والی ایک تقریب میں اس گھڑی کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں، جرمنی کو بھی ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے اور جلد یہاں بھی جنگلات ختم ہو جائیں گے۔

آرنلڈ کی وضاحت کے باوجود ایئرپورٹ حکام نے ان پر 4 ہزار یورو ٹیکس سمیت 35 ہزار یورو کا جرمانہ عائد کیا اور انہیں کہا کہ وہ اپنے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے یہ جرمانہ بھر سکتے ہیں۔

امریکی ٹیلی وژن سی این این کے مطابق، یہ واقعہ دلچسپ صورت اس وقت اختیار کر گیا جب آرنلڈ جرمانہ ادا کرنے کے لیے تیار ہوگئے مگر اس بار کریڈٹ کارڈ مشین عین موقع پر جواب دے گئی اور ایئر پورٹ حکام ایک گھنٹے تک اسے قابل استعمال بنانے میں ناکام رہے۔

کریڈٹ کارڈ مشین سے مایوس ہونے کے بعد ایئر پورٹ حکام آرنلڈ کو اپنی حراست میں اے ٹی ایم مشین تک لے گئے مگر وہاں جا کر معلوم ہوا کہ اے ٹی ایم سے نقد رقم نکالنے کی حد بہت کم اور اوپر سے بینک بھی بند ہے۔

ایئر پورٹ حکام آرنلڈ کو واپس ایئر پورٹ لے آئے جہاں ایک آفیسر بالآخر ایک نئی کریڈٹ کارڈ مشین لے آئے جس کے ذریعے آرنلڈ نے جرمانے کی رقم ادا کی۔ اس پوری کارروائی میں 3 گھنٹے لگے اور آرنلڈ اس دوران ایئر پورٹ حکام کی حراست میں ہی رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp