وزیراعظم شہباز شریف کی فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

فرانسیسی سفیر نے فرانس کے وزیر اعظم جبریل اٹل کی طرف سے تہنیتی خط پہنچایا۔ وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر فرانسیسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں اگرچہ چند سال پہلے یہ تعلقات مشکل دور سے گزرے تھے لیکن اب دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا ذکر کیا جن میں سنہ 2022 میں اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس ، جون 2023 میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نئے مالیاتی معاہدے سے متعلق پیرس کانفرنس میں ہونے والی ملاقاتیں شامل تھیں۔

انہوں نے جنوری 2023 میں جنیوا کانفرنس برائے ریزیلئنٹ پاکستان میں ورچوئل شرکت کے ذریعے صدر میکرون کی گرانقدر شراکت کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے صدر میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دونوں فریقوں کی طرف سے باہمی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے فرانس کی جانب سے اعلیٰ فرانسیسی کمپنیوں کے کارپوریٹ لیڈروں کو جلد پاکستان کے دورے پر لانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ معیشت کا استحکام حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

ملاقات میں غزہ اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے خطے میں فرانس کی امن کوششوں کو سراہا۔ فرانسیسی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دو طرفہ معاملات پر ہونے والی تازہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون پر بات چیت کے لیے فرانسیسی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ فرانس اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

پاکستان زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں ہالینڈ کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، وزیرخزانہ

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں ہالینڈ کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوارو برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں ہالینڈکی سفیرہینی ڈی رائز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر خزانہ نے نیدرلینڈز کے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا۔

وزیرخزانہ نے مشترکہ اقدارو تعاون کی تاریخ پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی رکھتا ہے اور زراعت، ڈیریو زرعی پیداوار میں نیدرلینڈز کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آئیگی۔

سفیر نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔ سفیر نے نیدرلینڈ کی جانب سے پاکستان میں چلائے جانے والے پائلٹ منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن میں مچھلی کی پیداوار، ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں لیبر سیفٹی و ماحولیاتی معیار کو یقینی بنانا اور زراعت میں پانی کے انتظام سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے ان اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نیدرلینڈز کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp