سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے پنوعاقل میں ڈاکوؤں نے ایک گھر میں کامیاب ڈکیتی کے بعد جاتے ہوئے 7 سالہ بچے کو بھی اغوا کرلیا ہے، خدشہ ہے کہ متاثرہ والدین سے بچے کی رہائی کے عوض تاوان طلب کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
ایس ایچ او پنوعاقل کے مطابق مہران کالونی کے رہائشی اکرم آرائیں کے گھر میں 4 سے زائد ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنانے کے بعد زیورات سمیت لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی۔
ڈکیتی کی واردات کے بعد ڈاکوؤں جاتے ہوئے اکرم آرائیں کے 7 سالہ بچے کو بھی اغوا کرکے ساتھ لے گئےہیں، پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو اہل خانہ سے موبائل فونز بھی چھین کر لے گئے ہیں، جن کی لوکیشن معلوم کی جارہی ہے، پولیس پنوعاقل شہر اور نواحی علاقے میں صبح سے سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ کچے کے ڈاکوؤں نے چند روز قبل کندھ کوٹ سے بھی ایک 5 سالہ بچے کو تاوان کی غرض سے اغوا کرلیا تھا، جس کی بازیابی کے لیے ڈاکوؤں نے 50 لاکھ تاوان بھی طلب کیا تھا، تاہم مغوی بچہ تاحال بازیاب نہیں کیا جاسکا ہے۔