اداکارہ اور ہوسٹ نادیہ خان نے اپنے امیر بننے اور اپنے پیسوں میں برکت کا راز ناظرین کے ساتھ شیئر کردیا۔
نادیہ خان نے حال ہی میں ساجد حسن کے یوٹیوب شو میں شرکت کی جس میں اپنی ذاتی زندگی، شادیوں اور والدین سے تعلق پر کھل کر بات کی۔ انٹرویو کے آخر میں جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ جن بچوں کی مائیں زندہ ہیں ان کو آپ کیا کہیں گی کہ ان کے ساتھ کیسا برتاؤ رکھیں؟
اس پر نادیہ خان نے کہا کہ ‘میں نے زندگی میں ایک چیز دیکھی ہے جو میں آپ کو بتاؤں گی، اگر آپ اپنے پیسوں میں برکت چاہتے ہیں، آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے لیے آسانیاں ہوں، رزق میں برکت ہو تو اپنے والدین کو پیسے دیا کریں’۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ‘والدین کے مانگے بغیر، کہے بغیر انہیں پیسے دیا کریں، ہم لوگ بڑی کیئر کرتے ہیں لیکن جو حقیقت ہے وہ یہ کہ ہمیں اپنے ماں باپ کو پیسے دیتے ہوئے موت آتی ہے۔ میں اپنی تنخواہ سے اپنی ماں کو پیسے دیا کرتی تھی، ان کے پرس میں چھپا دیا کرتی تھی اور مجھے بہت اچھا لگتا تھا۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ میری والدہ کہتی تھیں کہ کبھی گننا نہیں، وہ کہتی تھیں اللہ تمہیں اتنا دے کہ تم سے سنبھالا نہیں جائے، تم سے گنا نہ جائے، اس لیے میں نے کبھی پیسے نہیں گِنے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرے اوپر بڑی رحمت ہے اس لیے کہ میں نے ہمیشہ والدین کو پیسے دیے، یہ نہیں کہ ان کی مالی مدد کی یا انہوں نے کہا، بلکہ میں ہمیشہ خود سے دیتی تھی، انہیں پتا بھی نہیں ہوتا تھا، میرے پاس ان کا اکاؤنٹ نمبر ہے اور میں رقم ٹرانسفر کردیا کرتی تھی۔
ایک واقعہ سناتے ہوئے نادیہ خان نے بتایا’ایک مرتبہ میرے بھائی نے مجھ سے کہا کہ اسے اکثر مالی مسائل کا سامنا رہتا ہے تو کیا کرنا چاہیے، جس پر میں نے اس سے پوچھا کہ والد کو آخری مرتبہ کب پیسے دیے تھے؟ ان کے بھائی نے پوچھا کہ کیا انہیں (والد کو) ضرورت ہے؟ جس پر نادیہ نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ میرے باپ کو پیسوں کی ضرورت پڑے، بلکہ تمہیں ضرورت ہے۔ وہ دن ہے اور آج کا دن ہے۔ اس کے حالات ہی بدل گئے۔
نادیہ کا مزید کہنا تھا کہ میں بچوں کو بتاتی ہوں اس لیے نہیں کہ مجھےکچھ چاہیے، بلکہ بعد میں ایسا ہوتا ہے کہ شرم آتی ہے تو میں اپنی بیٹی علیزہ کو ہمیشہ کہتی ہوں تمہیں میرا مالی خیال رکھنا ہے۔
معروف میزبان کا کہنا تھا کہ یہ میری زندگی میں کامیابی کا سب سے بڑا راز ہے۔ جب بھی والدین کو دیا، غریبوں کو دیا، پتا نہیں کہاں سے 10 گنا زیادہ پیسہ آجاتا ہے۔ اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ شادی ہوجائے جتنے بھی خرچے ہوں والدین کو پیسے ضرور دیا کریں کیوں کہ اس کی ضرورت بچوں کو ہے ماں باپ کو نہیں۔













