شبانہ اعظمی نے 50 سال مکمل کر لیےبھارت کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے فلم انڈسٹری میں نصف صدی کا سفر طے کرلیا۔
مزید پڑھیں
بھارتی فلم انڈسٹری میں 50 سال کا جشن منانے والی تجربہ کار اداکارہ نے سنہ 1974 میں شیام بینیگل کی فلم ’انکور‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی طوالت پر غور کرنے کی بجائے ہمیشہ جس فلم میں کام کیا بس توجہ اس پر ہی مرکوز رکھی۔
متنوع کردار ادا کرنے والی شبانہ اعظمی اپنے اداکاری کے سفر کو ہنوز جاری رکھنے پر بیحد خوش ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں فلم ‘راکی اور رانی کی پریم کہانی’ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
5 دہائیوں پر محیط شبانہ اعظمی کی سنیما وراثت نے عالمی شہرت حاصل کی۔
نیویارک انڈین فلم فیسٹیول کے آنے والے ایڈیشن میں 2 جون کو ایک خصوصی پروگرام پیش کیا جائے گا جس میں دیپا مہتا کی ہدایت کاری میں بننے والی شبانہ کی سنہ 1996 کی فلم ’فائر‘ کی نمائش ہوگی۔
پچھلے 50 سالوں میں شبانہ اعظمی نے اپنے مرکزی دھارے کے کرداروں سے لے کر آج تک فلم انڈسٹری کی حرکیات میں ایک اہم تبدیلی دیکھی ہے اور وہ بڑے پیمانے پر ہونے والی تبدیلیوں کو تسلیم کرتی ہیں۔
اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جدید سہولیات جیسے ایئر کنڈیشنڈ سیٹ یا شاہانہ وینٹی وین کے بغیر ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجوں کے باوجود اس دور نے کاسٹ اور عملے کے درمیان ہم آہنگی کے ایک مضبوط احساس کو فروغ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرانے وقتوں میں لوگ اکثر شوٹنگ کے بعد سیٹ پر ہی ٹھہر جاتے تھے اور فلم سازی کے عمل سے گہرا تعلق استوار رکھتے تھے۔
شبانہ کی اگلی فلم ’بن ٹکی‘ہوگی جس میں وہ ایک اور ویٹرن اداکارہ زینت امان کے ساتھ پورے 41 برس بعد کام کریں گی۔ شبانہ اور زینت نے آخری مرتبہ فلم ’اشانتی‘ میں کام کیا تھا جو سنہ 1982 میں ریلیز ہوئی تھی۔