ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کے انتقال پر پاکستان کی سیاسی قیادت نے کیا پیغام دیا؟

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں المناک وفات پر دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان اور رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی قیادت اور سیاسی رہنماؤں نے بھی ایرانی صدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا کیا ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا وہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام کے انتقال پر صدمے اور گہرے غم میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا، ’ایرانی صدر ایک مدبر اور ممتاز عالم دین تھے، اسی طرح ایرانی وزیر خارجہ بھی ایک متحرک سفارت کار تھے، یہ دونوں پاکستان کے قابل اعتماد دوست تھے۔‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان میں ہمارے لیے انتہائی دکھ اور افسوس کا دن ہے۔ انہوں نے سپریم لیڈر اور ایرانی عوام سے گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین اور ایرانی قوم کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔‘

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں ہیلی کاپٹر حادثے کو المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’ہم ایران کے برادر عوام بالخصوص صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی دعائیں مرحومین کے اہل خانہ اور تمام ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا، ’صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں المناک موت کا سن کر ہمیں گہرا رنج ہوا ہے۔ انہوں نے مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے اپنے ملک کی پرعزم حمایت کی قیادت کی۔‘

عمران خان نے ایران کی عوام اور قیادت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کےعوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا، ’اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور جماعت اسلامی ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔‘

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا، ’پاکستان کی عوام اور جمعیت علما اسلام کی طرف سے ایران کی عوام، ان کی قیادت و حکومت اور سانحے میں جاں بحق صدر رئیسی، وزیرخارجہ اور انکے ہمسفر ساتھیوں کے خاندانوں اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کنگ فیصل یونیورسٹی کی جنیوا انٹرنیشنل ایگزیبیشن میں بڑی کامیابی، 5 تمغے اپنے نام کرلیے

پاکستان میں نشاط گروپ کی جیکو جے 8 پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی متعارف ہونے کا امکان

سعودی وزارتِ سیاحت کا مہمان نوازی مراکز اور ہوٹلوں کے معائنے تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کا عید بازار جہاں خواتین کے لیے رنگ برنگی اسٹالز موجود ہیں

مشرق وسطیٰ کشیدگی: خطے میں ایل پی جی کی قیمتیں بڑھ گئیں مگر پاکستان میں استحکام، وجوہات کیا ہیں؟

ویڈیو

اسلام آباد کا عید بازار جہاں خواتین کے لیے رنگ برنگی اسٹالز موجود ہیں

کیا آپ کی غلطیاں آپ کو جینے نہیں دے رہیں، دل کو ری سیٹ کیسے کریں؟

ٹرمپ کا رونا دھونا شروع، پہلے بھڑکیں اب منتیں، نیتن یاہو ہلاک؟ جنید صفدر کا ہنی مون

کالم / تجزیہ

پاک افغان تعلقات: ایک پہلو یہ بھی ہے

صحافت کا افتخار اور فیض صاحب کا مرثیہ

کھلے دل سے اعتراف اور قصہ ’رمضان عیدی‘کا