جاپان بھارت ٹی 20 میچ میں امپائر کا یوٹرن، وائیڈ واپس لینے پر ہنگامہ

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی چیمپیئن بھارت اور میزبان جاپان کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ کے آخری اوور میں وائیڈ کا فیصلہ واپس لینے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور کئی شائقین نے امپائرنگ کے فیصلے پر سوالات اٹھائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک شرما کا ان چاہا عالمی ریکارڈ: ’گولڈن ڈک‘ کے ’معرکے‘ میں شاداب و راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا

یہ تنازع جاپان کی اننگز کے آخری اوور کی تیسری گیند پر اس وقت پیدا ہوا جب اکشر پٹیل نے آف اسٹمپ سے باہر بیک آف لینتھ گیند کرائی جو تیزی سے باہر کی جانب گھوم گئی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز الیگزینڈر شیرائی پیٹمور کو مکمل طور پر چکمہ دے گئی۔ اس وقت جاپان کو 4 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے اور بلے باز ریورس ہٹ کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا۔

جاپان کے کرس تھرگیٹ نے جو اس تاریخی میچ سے قبل 17 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کر چکے تھے اسے وائیڈ قرار دیا۔ ان کے اس فیصلے نے بھارتی کھلاڑیوں بشمول پٹیل کو حیران کر دیا کیونکہ شیرائی پیٹمور نے ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش کی تھی۔

بھارتی کھلاڑیوں کی حیرانی اس وقت غصے میں بدل گئی جب تھرگیٹ نے اگلی گیند پر بھی وائیڈ کا اشارہ دیا۔ وہ گیند بھی اسی طرح کی تھی اور شیرائی پیٹمور ریورس ہٹ کھیلتے ہوئے چوکا کھا گئے حالانکہ اگر وہ اپنا اسٹانس تبدیل نہ کرتے تو یہ ان کی لیگ سائیڈ بنتی۔

مزید پڑھیے: ’بھارتی کرکٹ ٹیم پر مستقل پابندی لگائی جائے’، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار پر سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے

مسلسل دوسری وائیڈ کے بعد جاپان کو 4 گیندوں پر 6 رنز درکار رہ گئے لیکن بھارت کا احتجاج جاری رہا جس پر نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے لیگ امپائر کرس براؤن کو مداخلت کرنی پڑی اور انہوں نے اپنے ساتھی امپائر کو فیصلہ واپس لینے کا مشورہ دیا۔

تھرگیٹ نے براؤن کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنا فیصلہ واپس لے لیا جس کے بعد جاپان کو 3 گیندوں پر 7 رنز درکار رہ گئے اور بھارت نے بارش سے متاثرہ یہ میچ جو بارش کے باعث 5،5 اوور تک محدود کر دیا گیا تھا صرف 2 رنز سے جیت لیا۔

وائیڈ کا یہ فیصلہ واپس لینا تب سے سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کے درمیان شدید بحث کا موضوع بنا ہوا ہے اور کچھ شائقین بھارتی کھلاڑیوں پر امپائر کو ڈرانے اور فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ اور آئر لینڈ میں شکست، بھارتی کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ مستعفی

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی امپائرز کے لیے گائیڈ لائنز کے مطابق اگر کوئی بلے باز ریورس یا سوئچ ہٹ کھیلنے کی کوشش کرے تو وکٹ کے دونوں اطراف کو آف سائیڈ سمجھا جائے گا جس کا مطلب ہے کہ وائیڈ قرار دینے کے لیے گیند کو بیرونی اسٹمپ سے 75 سینٹی میٹر باہر ہونا ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp