بالی ووڈ میں ویویک اوبرائے اور سلمان خان کے درمیان ہوئی لڑائی کے بارے میں کون نہیں جانتا؟ اس کی شروعات 2003 میں اس وقت ہوئی جب بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے سلمان خان کے ساتھ بریک اپ کیا جس کے بعد میڈیا میں خبریں آنے لگی کہ وہ ویویک اوبرائے کی قریبی دوست بنتی جارہی ہیں، جس کے بعد ویویک نے سلمان خان پر الزام لگایا کہ وہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اب بالی ووڈ اداکارسلمان خان کے والد سلیم خان نے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے بات کی اور ایشوریا رائے سے متعلق سلمان خان اور وویک اوبرائے کے جھگڑے کو بچگانہ قرار دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھا کہ ایشوریا کے حوالے سے سلمان اور وویک دونوں ہی جذباتی رہے لیکن وقت گزرنے کے بعد دونوں سمجھیں گے کہ ان کی لڑائی ایک احمقانہ حرکت تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا کہ اتنے لڑائی جھگڑے کا کیا فائدہ ہوا، جب لڑکی کوئی اور لے گیا۔ یہ دونوں جہاں تھے وہیں کھڑے کھڑے دیکھتے رہے۔
سلیم خان نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر سلمان خان کو شادی کرنی ہے تو 2 سال میں کر لیں ورنہ اس کے امکانات بہت تاریک ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے تمام بچوں سےیکساں محبت کرتا ہو، لیکن اس وقت توجہ سلمان خان پر ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی کا مشکل وقت گزار رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کو آخری بار 1999 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ 2007 میں ایشوریا رائے نے ابھیشیک بچن سے شادی کر لی اور ان کے ہاں 2011 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تاہم 57 سالہ سلمان خان نے اب تک شادی نہیں کی ہے۔