پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر تعمیر اسکیم کا نام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام پر رکھنے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
درخواستگزار شہری مشکور حسین کی جانب سے ایڈوکیٹ ندیم سرور کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر تعمیر بلاک کا نام مریم نواز کے نام پر رکھا گیا ہے، سرکاری بلڈنگز کو فرد واحد کے نام سے منسوب کرنا آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔
درخواستگزار کے مطابق بیوروکریسی مریم نواز کو خوش کرنے کے لیے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کررہی ہے، سرکاری خزانے سے مریم نواز کی ذاتی تشہیر کی جا رہی ہے۔ لہٰذا لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ وہ سرکاری عمارتوں کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کا نام دینے سے روکے۔