یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے دھرنا کس یقین دھانی پر ختم کیا؟

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹور بند کرنے کے فیصلے کے خلاف یوٹیلیٹی اسٹورز کارپویشن کے ملازمین نے گزشتہ 3 دن سے اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنا دے رکھا تھا، ملازمین نے اسلام آباد میں اپنے ادارے کے ہیڈآفس کے باہر احتجاجی دھرنا دے رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا غریبوں پر ایک اور وار، یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ

مظاہرین کا موقف تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند کر کے ان کا روزگار چھینا جارہا ہے، اس مہنگائی میں گزارا مشکل ہے تو ان اسٹورز کی بندش کے بعد وہ گزر بسر کیسے کریں گے؟

دوسری جانب وفاقی وزیر سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین بے روزگار نہیں رہیں گے،انہیں دوسرے محکموں میں ملازمت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے حوالے سے دو میٹنگز میں موجود تھے جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے بات ہوئی، ان میٹنگز میں یہ فیصلہ ہوا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

اب خبر ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین نے ڈی چوک میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم مظاہرین نے کہا ہے کہ اگر پیر تک ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ دوبارہ ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ، کن اشیا میں کتنی کمی ہوئی؟

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ایسوسی ایشن نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کررکھی ہے، جس پر عدالت نے حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ستمبر کو جواب طلب کررکھا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار عرصہ 10 سال سے یوٹیلیٹی اسٹور کا ملازم ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز ایک منافع بخش ادارہ ہے جو 2 ارب روپے منافع کما رہا ہے اور سالانہ 25 ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ، اسٹورز انتظامیہ کو 2 ہفتے کی مہلت

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو آئی ایم ایف کی ہدایات پر بند کیا جا رہا ہے، عدالت حکومت کے یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کرنے کے مراسلے کو غیر قانونی قرار دے، درخواست کے حتمی فیصلے تک حکومت کے یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کے اقدام پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp