بھارتی اداکارہ حنا خان سرطان میں مبتلا ہیں۔ ان کی کیموتھراپی بھی جاری ہے جو بلاشبہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہے لیکن انہوں نے اپنی بیماری اور علاج کے سائیڈ ایفیکٹس کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر کشمیری اداکارہ حنا خان نے ایک نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں جم میں ورزش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھا ہے کہ روزانہ ہزاروں وجوہات آپ کو نیچے گرانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن انہوں نے اپنے مستقبل کو بہترین بنانے کے لیے خود سے وعدہ کیا ہے اور اس کے لیے وہ پُرعزم ہیں۔ حنا خان نے اپنے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا وہ بھی اپنی زندگی کے لیے ایسے ہی پُرعزم ہیں؟
View this post on Instagram
حنا خان نے کیموتھراپی کے بعد اپنی چند تصاویر بھی شیئر کیں جس میں انہیں مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ہر چیز تکلیف دہ ہے لیکن آپ کے چہرے سے مسکراہٹ ختم نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کینسر کی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تکلیف کے باعث وہ ٹھیک سے کھا بھی نہیں سکتیں لیکن پھر بھی زندگی میں منفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ انہوں نے مسکرانے اور خود کو حوصلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ پریشانی کے اس دور سے گزر جائیں گی۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ حنا خان کو چھاتی کے کینسر کے علاج کے دوران میوکوسائٹس نامی مرض کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔ میوکوسائٹس کوعام طور پر منہ کے زخم کہا جاتا ہے، یہ کینسر کے مریضوں میں خاص طور پر کیموتھراپی جیسے مخصوص علاج سے گزرنے والی ایک اہم اور متواتر پیچیدگی ہے، اس بیماری میں مریض کے کھانے، پینے، بولنے اور نگلنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
View this post on Instagram
حنا خان نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ اگرچہ وہ اس کے علاج کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کر رہی ہیں لیکن اگر کوئی اس مرض سے گزرا ہے یا کوئی اس کا مفید علاج جانتا ہے تو براہِ کرم انہیں تجویز کریں۔